کوئٹہ: گیس کا شدید بحران، ایل پی جی بھی مہنگی، عوام پریشان

بدھ 1 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر نامعلوم افراد کی جانب سے دو روز قبل دھماکے کے نتیجے میں 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن متاثر ہوئی، جس کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے حکام کے مطابق دھماکے سے پائپ لائن کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا جس کے بعد کوئٹہ کے بیشتر علاقوں سمیت مستونگ، کچلاک، پشین اور زیارت میں گیس کی سپلائی بند ہو گئی۔

گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگ متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

تاہم گیس بحران کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس نے عوام کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایران کے ساتھ کشیدہ صورتحال کے باعث حکومت کی جانب سے پہلے ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد قیمت 290 روپے سے بڑھ کر تقریباً 370 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔

اب کوئٹہ میں گیس بحران کے باعث بعض دکانداروں کی جانب سے مبینہ منافع خوری کرتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت 420 سے 450 روپے فی کلو تک کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ کے شہری فتح شاکر نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ گیس بحران کے دوران منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرے کیونکہ شہریوں کو مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نظر نہیں آ رہا۔

ایک اور شہری مقبول نے وی نیوز کو بتایا کہ ایل پی جی حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو کئی کئی گھنٹے لائنوں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے اور اس دوران قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو غریب آدمی کی آمدن کا بڑا حصہ صرف ایندھن کی خریداری پر خرچ ہو جائے گا۔

دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے مطابق متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل پائپ لائن کے ذریعے شہر اور گردونواح کو محدود پیمانے پر گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سوئی سدرن انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ جلد از جلد گیس کی فراہمی مکمل طور پر بحال کی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بنگلہ دیش بحریہ کا بڑا آپریشن، 4 روز سے بھٹکتے ماہی گیر ریسکیو کرلیے

لاہور: نواز شریف کینسر اسپتال مکمل کرلیا گیا، علاج کو نئی سمت فراہم

بنگلہ دیش: تیل بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی، ریلوے نظام درہم برہم

کوئٹہ: پولیس حراست میں نوجوان کی مبینہ خودکشی، اہلِ خانہ کا قتل کا الزام

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک

ویڈیو

سعودی عرب نے مشکل اوقات میں کیسے پاکستان کی مدد کی؟

پاکستان آج اگر ایٹمی طاقت ہے تو اس میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، سلیم مانڈوی والا

امریکا آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے باہر آ سکتا ہے، صدر ٹرمپ کا بڑا اعلان

کالم / تجزیہ

ہز ماسٹرز وائس

ایران یا سعودی عرب: پاکستان کو مشکل فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے؟

ایران جنگ: اسٹریٹیجک حقائق اور عالمی طاقتوں کے دعوے