پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتیں بڑھنے کے خلاف کسان اتحاد لانگ مارچ کرے گا؟

جمعہ 3 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرق وسطیٰ کے بحران کے پیش نظر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ اب پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 187 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیزل پر 100 روپے سے زائد لیوی بھی وصول کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول مہنگا، حکومت ٹیکس نہ لے تو فی لیٹر قیمت کتنے روپے رہ جائے گی؟

حکومت نے عوام اور کسانوں پر بوجھ کم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان بھی کیا ہے۔ چھوٹے کسانوں کو ایک بار 1500 روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جائے گی جو صوبائی ڈیٹا بیس کے ذریعے براہ راست ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ تاہم کسان تنظیمیں اس سبسڈی کو ناکافی قرار دے رہی ہیں۔ پنجاب میں کسان کارڈز کے ذریعے بھی یہ سبسڈی دی جائے گی۔

لاہور کی طرف لانگ مارچ

پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین چوہدری حسیب انور نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت جو سبسڈی کا اعلان کیا ہے اس میں واضح نہیں کیا کہ کتنے ایکڑ والا کسان اس سبسڈی سے مستفید ہوگا۔ دوسرا، حکومت نے 1500 روپے سبسڈی کا اعلان کیا ہے، اس سے کسان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ڈیزل کی قیمت 187 روپے بڑھ گئی ہے، اس پر ایک سو روپے سے زائد کی لیوی لی جا رہی ہے۔ حکومت کی طرف سے یہ سبسڈی ناکافی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری تمام کسان تنظیموں سے میٹنگیں جاری ہیں، جلد ہم لاہور کی طرف کسان مارچ کا اعلان کریں گے۔ اس دفعہ پورے پاکستان سے کسان لاہور آئیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس اضافے کو واپس لے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھنے کا نتیجہ ہے، حکومت کا قصور نہیں، رانا ثنااللہ

چوہدری حسیب انور نے مزید کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے۔ گندم کی کٹائی اگلے دس سے پندرہ دنوں میں شروع ہونے والی ہے جبکہ حکومت 3500 روپے فی من گندم کا ریٹ مقرر کر رہی ہے۔ ایک ایکڑ میں فصل تیار ہونے تک کسان کا 50 لیٹر تک ڈیزل لگتا ہے اور حکومت صرف 1500 روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آلو کی فصل میں بھی کسانوں کو حکومت کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا، اب گندم کی باری بھی حکومت نے پیٹرول بم گرا دیا اور ساتھ میں گندم کا ریٹ نہ ہونے کے برابر مقرر کر دیا۔ یہ حکومت کسان مخالف ہے۔ تمام کسانوں کی تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے تاکہ غریب آدمی روٹی کھا سکے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔

غذائی عدم تحفظ کا خطرہ بڑھ گیا

زرعی ماہرین اور معیشت دانوں نے بھی کسان اتحاد کے موقف کی تائید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے کاشتکاری کے اخراجات میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔ ایک ماہر زراعت کا کہنا ہے کہ چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ سبسڈی صرف کاغذی ریلیف ہے۔ ایک ایکڑ گندم کی فصل پر 50 لیٹر ڈیزل لگتا ہے جس کی لاگت اب ہزاروں روپے بڑھ گئی ہے۔ 3500 روپے فی من گندم کا ریٹ بھی پیداواری لاگت کو پورا نہیں کرتا۔

معیشت دانوں کا اندازہ ہے کہ ٹرانسپورٹ کرائے بڑھنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے مہنگائی کا طوفان اٹھے گا اور 65 فیصد آبادی جو زراعت پر انحصار کرتی ہے، شدید متاثر ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ڈیزل پر مستقل سبسڈی نہ دی گئی تو ربیع کی فصل متاثر ہوگی اور ملک میں غذائی عدم تحفظ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

ماہرین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کسان مارچ سے پہلے ہی مذاکرات کر کے صورتحال کو سنبھال لیا جائے، ورنہ زرعی شعبہ شدید بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کسان ونگ کا ردعمل

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کسان ونگ کے جنرل سیکرٹری اور رکن پنجاب اسمبلی میاں اعجاز شفیع نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پیٹرول مہنگا کر کے کسان کو زندہ درگور کر دیا ہے۔

میاں اعجاز شفیع نے کہا، ’پیٹرول مہنگا کر کے حکومت نے کسان کو زندہ درگور کر دیا۔“ انہوں نے مزید کہا کہ، ”گندم کی کٹائی کس طرح اتنی مہنگے ڈیزل سے کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان سفید پوش طبقے، کاشتکار سمیت سب کو لے ڈوبے گا۔‘ میاں اعجاز شفیع نے خبردار کیا کہ تیل مہنگا ہونے کے بعد عوام کے لیے روزگار تلاش کرنا یا سفر کرنا، دونوں ناممکن ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

غیرملکی وفود کی آمدورفت، اسلام آباد پولیس کی عوام کے لیے اہم ہدایات جاری

امریکا اور ایران کے وفود جمعے کو پاکستان آرہے ہیں، اللہ کو منظور ہوا تو جنگ کے شعلے ہمیشہ کے لیے بجھ جائیں گے، وزیراعظم

امریکا ایران کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا، معاہدے کے کئی نکات طے پاچکے، ڈونلڈ ٹرمپ

جو کوئی نہ کر سکا پاکستان نے کر دکھایا، بھارت میں صف ماتم

ایران جنگ بندی پر بھارت میں بھی اعتراف کیا جارہا ہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر کامیابی ملی، خواجہ آصف

ویڈیو

جو کوئی نہ کر سکا پاکستان نے کر دکھایا، بھارت میں صف ماتم

پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی، گرین پاسپورٹ کو دنیا بھر میں عزت مل گئی

امریکا ایران جنگ بندی: پاکستان کی سفارتکاری پر اسلام آباد کے عوام کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

نوبل امن انعام تو بنتا ہے

پاکستان نے جنگ بندی کیسے کرائی؟ کیا، کیسے اور کیونکر ممکن ہوا؟

فیصلہ کن موڑ: امن جیتے گا یا کشیدگی؟