امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے دی گئی مہلت کا حتمی وقت واضح کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ڈیڈ لائن منگل کو رات 8 بجے (ایسٹرن ٹائم) ختم ہوگی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہی وقت ایران میں رات قریباً ساڑھے تین بجے جبکہ پاکستان میں بدھ کی صبح 5 بجے کے برابر بنتا ہے۔
اس اعلان سے قبل ایک امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی واضح ٹائم لائن کا تعین نہیں کر سکتے، تاہم خبردار کیا کہ اگر ایران نے منگل کی شام تک آبنائے ہرمز نہ کھولی تو اس کے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ایران کو تنبیہ کی کہ مقررہ وقت تک پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں نہ صرف پاور پلانٹس بلکہ دیگر اہم انفراسٹرکچر بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کا تنازع ہفتوں نہیں بلکہ چند دنوں میں ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ان کے مطابق امریکی زمینی افواج کی تعیناتی ناگزیر نہیں، تاہم اسے مکمل طور پر خارج از امکان بھی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہاکہ یہ کہنا مشکل ہے کہ معاہدہ کب ہوگا، یہ اگلے ہی دن بھی ممکن ہے یا نہیں بھی ہو سکتا۔














