فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا جس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت، یکجہتی کا اظہار
فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششوں کو سراہا اور کہاکہ پاکستان متحمل مذاکرات، کشیدگی میں کمی اوراصولی سفارتکاری کے لیے پرعزم ہے۔
فورم نے کہاکہ ایک ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے طور پر فعال ریجنل سیکیورٹی سٹیبلائزر کا کردار ادا کر رہا ہے۔
کورکمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تشویش کا اظہار کیا، اور کہاکہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں۔
فورم نے کہاکہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا، اس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی۔
کور کمانڈرز نے کہاکہ اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیتیں جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لیے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت، مسلح افواج، عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم، معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنانے میں گامزن ہے۔
فورم نے کہاکہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین سمیت، بلا امتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیے جائیں گے۔
شرکا کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ آپریشن غضب لِلحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو فیصلہ کن طور پر مکمل ختم نہ کر دیا جائے۔
فورم نے بھارت کی جانب سے منسوب مسلسل گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔
فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات چھپانے اور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان علما کونسل کی ایرانی قیادت سے سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک پر حملے روکنے کی اپیل
فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
فورم نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیاکہ شہدا کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔













