پاکستان کی سعودی عرب پر حملوں کی مذمت، وزیراعظم کا ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ، غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار

منگل 7 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے سعودی عرب پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور الجبیل میں ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے سعودی قیادت کی دانشمندانہ اور بردباری پر مبنی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، جو قابل تحسین ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت، یکجہتی کا اظہار

ترجمان نے کہاکہ پاکستان ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کو انتہائی سنگین سمجھتا ہے اور اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک پیشرفت قرار دیتا ہے۔

پاکستان نے اس مشکل وقت میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دریں اثنا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا جس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششوں کو سراہا اور کہاکہ پاکستان متحمل مذاکرات، کشیدگی میں کمی اوراصولی سفارتکاری کے لیے پرعزم ہے۔

فورم نے کہاکہ ایک ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے طور پر فعال ریجنل سیکیورٹی سٹیبلائزر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

کورکمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تشویش کا اظہار کیا، اور کہاکہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں۔

فورم نے کہاکہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا، اس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی۔

کور کمانڈرز نے کہاکہ اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیتیں جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے بھی سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام خطے میں امن کے قیام کی جاری کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اس نوعیت کی کارروائیاں نہ صرف کشیدگی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ علاقائی استحکام اور عالمی توانائی کے تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان علما کونسل کی ایرانی قیادت سے سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک پر حملے روکنے کی اپیل

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں امن عمل کو شدید متاثر کرتی ہیں اور خطے میں پائیدار استحکام کے حصول کی تمام کوششوں میں رکاوٹ بنتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘: محمود اچکزئی کا حکومت کی غیرمشروط حمایت کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

پی ایس ایل 11، حیدر آباد کنگز مین کی پشاور زلمی کے خلاف بیٹنگ جاری

پی ٹی آئی کا لیاقت باغ میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

غیرملکی وفود کی آمدورفت، اسلام آباد پولیس کی عوام کے لیے اہم ہدایات جاری

ویڈیو

جو کوئی نہ کر سکا پاکستان نے کر دکھایا، بھارت میں صف ماتم

پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی، گرین پاسپورٹ کو دنیا بھر میں عزت مل گئی

امریکا ایران جنگ بندی: پاکستان کی سفارتکاری پر اسلام آباد کے عوام کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

نوبل امن انعام تو بنتا ہے

پاکستان نے جنگ بندی کیسے کرائی؟ کیا، کیسے اور کیونکر ممکن ہوا؟

فیصلہ کن موڑ: امن جیتے گا یا کشیدگی؟