امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف ایسے ہتھیار موجود ہیں جو ابھی تک استعمال ہی نہیں کیے گئے تاہم انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مذاکرات ہوجائیں اور ان کے استعمال کی ضرورت نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گھر پر حملہ، کھڑکیاں توڑ دی گئیں، مشتبہ شخص زیر حراست
ہنگری کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا نے اپنے بڑی عسکری مقاصد حاصل کر لیے ہیں لیکن ابھی سے امریکی ڈیڈ لائن کے ختم ہونے تک بہت زیادہ مذاکرات ہونے والے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکام کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس ایسے اوزار ہیں جو ابھی استعمال نہیں کیے گئے اور اگر ایران اپنا رویہ نہ بدلے تو صدر امریکا ان ٹولز کے استعمال کا فیصلہ کریں گے۔
جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ ایران کی جانب سے مثبت جواب ملے گا تاہم انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ ہمیں ایران سے جواب ملے گا خواہ وہ مثبت ہو یا منفی۔
ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ آج رات 8 بجے تک ایرانی ردعمل سامنے آجائے گا اور امید ہے کہ وہ درست جواب دیں گے۔
مزید پڑھیے: آج رات ایک تہذیب ختم ہو سکتی ہے، ٹرمپ کا ایران کو آخری انتباہ
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں میں ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے تاہم ان کے مطابق ایران میں پیغامات ایک سطح سے دوسری سطح تک پہنچنے میں وقت لگتا ہے جس کے باعث تاخیر ہو رہی ہے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران کی طرف سے مثبت جواب سامنے آئے لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا اور اس کے اتحادی اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح پر معاشی دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ان کے بقول امریکا اس سے زیادہ مؤثر ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی سعودی عرب پر تازہ حملوں کی شدید مذمت، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایران کے مذاکرات کار نہ ماضی میں تیزی دکھا سکے اور نہ ہی اب مذاکراتی عمل میں مؤثر پیشرفت کر رہے ہیں تاہم سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں اور مختلف ممالک کے ذریعے ایران کو واضح پیغامات بھی پہنچائے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھرایران پر زور دیا ہے کہ وہ منگل کی مقررہ ڈیڈ لائن تک معاہدہ کر لے بصورت دیگر سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان علما کونسل کی ایرانی قیادت سے سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک پر حملے روکنے کی اپیل
دوسری جانب اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اگر تنازع ختم کرنے کے لیے کوئی معاہدہ نہ ہوا تو آج رات ایران کی پوری تہذیب تباہ ہو سکتی ہے۔












