وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کینیڈا اور اسپین کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا

بدھ 8 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کینیڈا اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں ںے خطے میں امن کی کوششوں پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بدھ کے روز نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار سے خطے کی تازہ صورتحال اور پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اور ہسپانوی وزیر خارجہ خوسے مینوئل الباریس نے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پاکستان کی جانب سے مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کی مسلسل کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے اور امن قائم رکھنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے ابتدائی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خطے میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے کینیڈا کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

اسی طرح ہسپانوی وزیر خارجہ خوسے مینوئل الباریس نے سفارتکاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا اور اسپین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امن اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی رابطوں کو جاری رکھنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp