میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اپنے ایک فوٹو ریئلسٹک (حقیقت سے قریب تر) ڈیجیٹل ہمزاد(اے آئی کلون) کی تیاری پر کام کررہے ہیں جو کمپنی کے اندرونی معاملات اور ملازمین کے ساتھ بات چیت میں ان کی جگہ لے سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ میٹا کی جانب سے ‘پرسنل سپر انٹیلیجنس’ کے شعبے میں کی جانے والی وسیع تر سرمایہ کاری کا حصہ ہے، جس کا مقصد مارک زکربرگ کا ایک ایسا تھری ڈی ورژن تیار کرنا ہے جو نہ صرف حقیقی وقت میں گفتگو کرسکے بلکہ ملازمین کو فیڈ بیک بھی فراہم کرسکے۔
یہ بھی پڑھیں: مارک زکربرگ کا مارک زکربرگ کیخلاف مقدمہ، امریکا میں حیران کن قانونی جنگ
اس ڈیجیٹل ہمزاد کو مارک زکربرگ کے بات کرنے کے انداز، حرکات و سکنات اور ان کے عوامی بیانات پر تربیت دی جا رہی ہے تاکہ یہ مکمل طور پر ان کی شخصیت کا عکس معلوم ہو۔ مارک زکربرگ ذاتی طور پر اس پروجیکٹ کی نگرانی کر رہے ہیں جس میں ان کی کمپنی کے حوالے سے حالیہ حکمت عملیوں اور سوچ کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ایک اور پروجیکٹ ‘سی ای او ایجنٹ’ پر بھی کام جاری ہے، جو انتظامی امور میں معاونت، فوری معلومات کی فراہمی اور فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا انسٹاگرام اور واٹس ایپ مارک زکربرگ کی ملکیت نہیں رہیں گے؟ فیصلہ عدالت کرے گی
میٹا کا یہ اقدام گوگل، مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی جیسے حریفوں کو ٹکر دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے ‘میوز اسپارک’ کے نام سے ایک جدید اے آئی ماڈل بھی متعارف کروایا ہے جو بصری تفہیم اور صحت سے متعلق پیچیدہ مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اگر مارک زکربرگ کے ڈیجیٹل کلون کا یہ تجربہ کامیاب رہا، تو مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی عام مواد تخلیق کرنے والوں اور انفلوئنسرز کو بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بھی اپنے ڈیجیٹل ہمزاد کے ذریعے اپنی سوشل میڈیا موجودگی کو بہتر بناسکیں۔












