ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کی پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 15 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نوجوانوں کی صلاحیتوں، عزم اور بے پناہ استعداد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، کیونکہ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سمندر پار پاکستانیوں سے اظہارِ تشکر، اکتوبر میں ترسیلاتِ زر 3.4 ارب ڈالر سے زائد

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز روزگار کے عالمی منظرنامے کو بدل رہی ہیں، ایسے میں عالمی معیار کی مہارتیں پائیدار ترقی کی بنیاد بن چکی ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارے میں تبدیل کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد اور صنعت سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے رواں سال تکنیکی مہارتوں کے فروغ کے لیے نیوٹیک کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جبکہ روزگار کے مواقع بڑھانے، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور قومی پیداوار بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی وی کے انگریزی چینل ’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل‘ کا افتتاح کردیا

انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے، صنعت اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو بھی وسعت دے رہی ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت عالمی منڈی میں مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق، صوبوں، نجی شعبے اور تربیتی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp