پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار ہے، جہاں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی مالی معاونت موصول ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھ گیا اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی کوششوں سے امریکا ایران جنگ بندی، عالمی منڈیوں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ خزانہ کی جانب سے 2 ارب امریکی ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں مثبت رجحان مزید مضبوط ہوا۔
کاروباری دن کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست خریداری دیکھی گئی اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ اوپر گیا۔

صبح 9 بج کر 44 منٹ پر انڈیکس 170,828.25 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 2,318 پوائنٹس یا 1.38 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا تھا، جب کے ایس ای 100 انڈیکس 2,885 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 168,519.94 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مارکیٹ میں آج آٹو موبائل، سیمنٹ، فوڈ، پرسنل کیئر اور انشورنس سیکٹرز میں نمایاں خریداری دیکھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیٹ بینک کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول، آئی ایم ایف کی پاکستان کے معاشی اصلاحات اور استحکام کی تعریف
عالمی مالیاتی صورتحال میں بہتری کے آثار اور امریکا و ایران تنازع کے ممکنہ حل کی امیدوں نے بھی عالمی اسٹاک مارکیٹس کو سہارا دیا ہے، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ ایشیا کی بڑی مارکیٹس، جاپان کے نکی انڈیکس اور امریکی فیوچرز میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت اور عالمی سطح پر مثبت معاشی اشاروں نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے مضبوط بیک اپ فراہم کیا ہے، جس کے باعث تیزی کا یہ رجحان آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہ سکتا ہے۔














