پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ کمانڈو و اسپیشل فورسز مشق ’جناح-13‘ ترکیہ میں کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس میں انسدادِ دہشتگردی آپریشنز، شہری علاقوں میں جنگی حکمت عملی اور آئی ای ڈیز سے نمٹنے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق ’جناح-13‘ ترکیہ میں کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس کا محور انسدادِ دہشتگردی آپریشنز تھا۔
مشق میں پاک فوج کے دستوں نے اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ بھرپور شرکت کی، جبکہ تربیتی سرگرمیاں ترکی کے شہروں انقرہ اور اسپارٹا میں منعقد ہوئیں۔
یہ مشق اپنے تمام تربیتی اور عسکری سفارتکاری کے اہداف کے حصول میں کامیاب رہی۔ دونوں ممالک کے فوجیوں نے مشق کے دوران اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں سے متعلق مشقوں، طریقہ کار اور تکنیک کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اس دوران شہری علاقوں میں لڑائی اور دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز) سے نمٹنے کے حوالے سے مشترکہ تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس کے علاوہ، اس مشق نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔














