اسلام آباد پولیس نے انسپکٹر جنرل کی ہدایات پر شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر مقیم افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، جس کے دوران ہزاروں افراد، گھرانوں، دکانوں اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اور امریکا دونوں کا پاکستان پر اعتماد باعث مسرت ہے ، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے
اسلام آباد پولیس کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 597 کومبنگ سرچ آپریشنز کیے گئے۔ یہ کارروائیاں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی نگرانی میں جبکہ زونل ایس پیز کی نگرانی اور منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئیں۔
آپریشنز میں لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا تاکہ خواتین کی تلاشی اور جانچ کے عمل کو مؤثر اور محفوظ بنایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 57 ہزار 961 افراد اور 25 ہزار 25 گھروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ 6 ہزار 871 دکانوں اور 2 ہزار 188 ہوٹلوں کی بھی پڑتال کی گئی۔

اسی طرح 19 ہزار 343 موٹر سائیکلیں اور 6 ہزار 884 گاڑیوں کی بھی تصدیق کی گئی۔ مجموعی طور پر 3 ہزار 383 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تھانوں منتقل کیا گیا جن میں 362 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ مزید 109 گاڑیاں اور 1 ہزار 751 موٹر سائیکلیں بھی متعلقہ تھانوں میں منتقل کی گئیں۔
اسلحہ فری اسلام آباد مہم کے تحت کارروائیوں میں 12 کلاشنکوف، 4 رائفلیں، 8 بندوقیں، مختلف بور کے 64 پستول، 6 خنجر اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، ڈرفٹنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، گاڑیاں ضبط
منشیات کے خلاف کارروائیوں میں رواں سال اب تک 5 کلوگرام چرس، 6 کلوگرام ہیروئن، 5 کلوگرام آئس اور 87 بوتلیں شراب بھی برآمد کی گئی ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تلاشی کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔













