پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان فضائی کشیدگی برقرار ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق یہ پابندی ہر قسم کی بھارتی رجسٹرڈ اور آپریٹڈ پروازوں پر بدستور نافذ رہے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں رونما ہونے والے واقعے کے بعد یہ پابندی مسلسل ایک سال سے برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کی فضائی پابندی سے ایئر انڈیا کو شدید نقصان، چین سے فضائی راستہ حاصل کرنے کی کوششیں
منگل کو جاری کیے گئے نئے نوٹم (NOTAM) کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود بدستور بھارت میں رجسٹرڈ تمام طیاروں کے لیے بند رہے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پابندی نہ صرف بھارتی رجسٹرڈ طیاروں بلکہ ان تمام پروازوں پر بھی لاگو ہوگی جو بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کی ملکیت، آپریشن یا لیز پر ہوں، جن میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے حادثات اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا کو اربوں ڈالر نقصان کا سامنا
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی دستاویزات کے مطابق یہ پابندی پاکستان کے دونوں فلائٹ انفارمیشن ریجنز کراچی اور لاہور پر مکمل طور پر نافذ العمل رہے گی۔













