اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا باز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے خلائی تحقیقاتی مستقبل اور چین کے ساتھ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا خلائی پروگرام میں تاریخی قدم، چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی شمولیت
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق یہ ملاقات 23 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ہوئی۔ اس موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے بھی شرکت کی۔

چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی اس ملاقات میں شریک تھے، جہاں پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ دونوں نوجوانوں اور سپارکو کے نمائندے سے مل کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خلائی مشن پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ نوجوان خلا باز پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔ ان کی محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے اور انہوں نے یہ مقام اپنی شبانہ روز کوششوں سے حاصل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے تعاون سے یہ خلائی سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتیں پیدا کرے گا۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق میں اشتراک دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک ستاروں تک رسائی کے نئے امکانات تلاش کریں گے۔

چینی سفیر نے وزیراعظم کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
دوسری جانب خلا باز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کے لیے خلائی تحقیق میں کردار ادا کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی محنت سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ا













