70 سالہ معمر خاتون نے بیچلرز کی ڈگری حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ معمر خاتون سلویٰ العمانی نے بیچلرز آف آرٹس کی ڈگری حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا اور اس بات کو سچ کر دکھایا کہ عمر کے کسی بھی حصے میں تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔

سعودی عرب کے معروف اخبار ’عرب نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق سلوٰی العمانی معمر ترین خاتون ہیں جنہوں نے 70 سال کی عمر میں بی اے آنرز کیا۔ سلوٰی العمانی نے امام عبدالرحمٰن بن فیصل یونیورسٹی دمام سے سوشیالوجی میں بیچلرز آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سلوٰی العمانی نے 4.75 جی پی اے کے ساتھ پوری کلاس میں اول پوزیشن حاصل کی، یونیورسٹی کی 44ویں گریجویشن تقریب میں سلوٰی العمانی کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سلوٰی العمانی نے شادی ہونے کے سبب 50 سال پہلے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی تاہم انہوں نے اب ڈگری مکمل کرکے ثابت کردیا کہ عمر کے کسی بھی حصے میں پہنچ کرتعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔

سلوٰی العمانی نے کہا ’میں بیان نہیں کر سکتی ہوں کہ میں اس وقت کیا محسوس کر رہی ہوں، میں نے اپنی زندگی کا وہ خواب پورا کیا ہے جس کے شرمندہ تعبیر ہونے کا میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی، میں اللہ کے بعد ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے میری اس کاوش کو سراہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری گریجویشن مکمل ہونے پر  یونیورسٹی کے اسٹیج پر مجھے عزت دینے کا لمحہ متاثر کن اور ہمیشہ یاد رکھا جانے والا ہے کیونکہ میں نے 46 سال تک اس کا انتظار کیا ہے۔

’جب تک زندہ رہوں گی تب تک میرے دل میں اس کی یاد زندہ رہے گی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ جوانی میں بیچلرز کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ لیتے ہوئے کیمسٹری کے مضمون کا انتخاب کیا تھا تاہم جلدی شادی ہونے کے سبب تعلیم کو ادھورا چھوڑنا پڑا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سلوٰی العمانی کو 46 سال گزر جانے کے بعد 2016 میں دوبارہ تعلیم مکمل کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ اپنی تمام تر گزشتہ تعلیمی اسناد کھو چکی تھیں اور اتنے لمبے عرصے کے بعد ازسرنو تعلیم حاصل کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں تھا۔

بعد ازاں کسی طرح انہیں جامعہ میں داخلہ مل گیا جس کے بعد انہوں نے تعلیم مکمل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp