نیتن یاہو کو  شکست دینے کے لیے اسرائیل کے 2 سابق وزرائے اعظم کا اتحاد بنانے کا اعلان

اتوار 26 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل کے 2 سابق وزرائے اعظم، یائر لاپیڈ اور نفتالی بینیٹ نے اکتوبر میں ہونے والے عام انتخابات میں نیتن یاہو کو شکست دینے کے لیے سیاسی اتحاد کا اعلان کردیا ہے۔

اتوار کے روز اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس اہم فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جماعت ‘یش اتید’ اور نفتالی بینیٹ کی ‘بینیٹ 2026’ اب ایک ہی سیاسی جماعت کے طور پر کام کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو کو گرفتار کریں گے، ہنگری کے نومنتخب وزیراعظم کا بڑا اعلان

اس نئے اتحاد کی قیادت نفتالی بینیٹ کریں گے، جنہیں حالیہ سروے رپورٹس میں نیتن یاہو کے مقابلے میں سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا گیا ہے۔

یائر لاپیڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اتحاد ریاستِ اسرائیل کی ’مرمت‘ کی جانب پہلا قدم ہے اور اس کا مقصد تمام تر کوششوں کو ملک کی بہتری کے لیے یکجا کرنا ہے۔ دونوں رہنما اکتوبر 2023 سے جاری جنگوں کے حوالے سے نیتن یاہو کی پالیسیوں کے کڑے ناقد رہے ہیں۔

یائر لاپڈ نے حال ہی میں ایران کے ساتھ ہونے والے 2 ہفتوں کے جنگ بندی کے معاہدے کو  سیاسی تباہی  قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ ایران چوتھے ہفتے میں داخل، امریکی عوام میں بے چینی بڑھ گئی، ٹرمپ کی حمایت میں مزید کمی

واضح رہے کہ 54 سالہ نفتالی بینیٹ اور 62 سالہ یائر لاپیڈ نے پہلے بھی جون 2021 میں ایک مخلوط حکومت بنائی تھی، جسے 2022 کے آخر میں بنجمن نیتن یاہو نے ختم کر کے اقتدار سنبھال لیا تھا۔

اب ایک بار پھر دونوں سابق وزرائے اعظم نیتن یاہو کے 18 سالہ طویل دورِ اقتدار کو ختم کرنے کے لیے ایک ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔ نیتن یاہو اپنی جماعت ‘لیکود پارٹی’ کی قیادت کرتے ہوئے اکتوبر کے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp