جنوبی وزیرستان میں لشمانیاسس کے 255 کیسز رپورٹ، یہ بیماری ہے کیا اور کیسے لگتی ہے؟

منگل 28 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے لشمانیاسس کے تقریباً 255 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں صحت کارڈ کے ذریعے کیا صرف خیبرپختونخوا کے مریضوں کا مفت علاج ہورہا ہے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان کے مطابق محکمہ صحت صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ علاقوں میں علاج کی ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لشمانیاسس کے علاج میں استعمال ہونے والے انجیکشنز، بشمول گلوکانٹائم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا میں دستیاب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ لوگوں کو بیماری سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

دریں اثنا تحصیل برمل کے علاقوں اعظم وارسک اور شاہین پانگا کے رہائشیوں نے صحت کے حکام سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیے: خیبر پختونخوا: جعلی اور مضر صحت دودھ بنانے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

ان کا کہنا تھا کہ جلد کی یہ بیماری دیہی علاقوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور بچوں کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہے۔

ان کے مطابق صورتحال نے خاندانوں میں تشویش پیدا کر دی ہے کیونکہ بروقت احتیاطی تدابیر نہ اپنائی گئیں تو بیماری مزید پھیل سکتی ہے۔

رہائشیوں نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی محدود سہولیات اور بروقت طبی امداد تک رسائی میں مشکلات کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی متاثرہ خاندان اسپتالوں تک پہنچنے میں دشواری کا شکار ہیں جس سے تشخیص اور علاج میں تاخیر ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا صحت کارڈ سے اب منشیات کے عادی افراد بھی مستفید ہوسکیں گے

انہوں نے حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

لشمانیاسس ہے کیا؟

لشمانیاسس ایک طفیلی (پیراسائٹ) بیماری ہے جو سینڈ فلائی (ریت میں پائی جانے والی مکھی) کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ یہ بیماری مردوں اور عورتوں دونوں کو متاثر کر سکتی ہے اور زیادہ تر دیہی، گرم اور گرد آلود علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ اس کے جراثیم جلد یا بعض صورتوں میں جسم کے اندرونی حصوں کو متاثر کرتے ہیں۔

علامات کیا ہوتی ہیں؟

اس کی عام علامات میں جلد پر چھوٹے دانے یا پھوڑے بننا شامل ہیں جو وقت کے ساتھ بڑھ کر زخم کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ زخم عموماً چہرے، ہاتھوں اور ٹانگوں پر ظاہر ہوتے ہیں اور آہستہ آہستہ بھرنے میں وقت لیتے ہیں۔ بعض صورتوں میں زخم کے اردگرد جلد سخت یا سوجی ہوئی بھی ہو سکتی ہے جبکہ اندرونی قسم میں بخار، کمزوری اور وزن میں کمی جیسی علامات بھی سامنے آ سکتی ہیں۔ یہ بیماری متعدی نہیں۔

پھیلاؤ اور علاج

یہ بیماری ریت مکھی کے کاٹنے سے پھیلتی ہے جو عموماً گندے پانی، مٹی اور درختوں کے قریب پائی جاتی ہے۔ بچاؤ کے لیے مچھر دانی کا استعمال، جسم کو ڈھانپ کر رکھنا اور صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

علاج کے لیے مخصوص ادویات اور انجیکشن استعمال کیے جاتے ہیں اور بروقت علاج سے مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو سکتا ہے اگرچہ بعض کیسز میں جلد پر نشان رہ سکتے ہیں۔

لشمانیاسس کی ایک خطرناک قسم کالا آزار

لشمانیاسس کی عام جلدی قسم عموماً جان لیوا نہیں ہوتی۔ اس میں زیادہ تر جلد پر زخم یا پھوڑے بنتے ہیں جو آہستہ آہستہ بڑھتے ہیں اور دیر سے ٹھیک ہوتے ہیں۔ یہ زخم تکلیف دہ ہو سکتے ہیں اور بعض صورتوں میں جلد پر مستقل نشان بھی چھوڑ سکتے ہیں لیکن عام طور پر مناسب علاج سے مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، صحت کارڈ اسکیم میں مفت او پی ڈی سروسز بھی شامل

البتہ اس بیماری کی ایک نسبتاً خطرناک قسم بھی پائی جاتی ہے جسے اندرونی یا ویزرل لشمانیاسس (کالا آزار) کہا جاتا ہے۔ اگر اس کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ جسم کے اندرونی اعضا جیسے جگر اور تلی کو متاثر کر سکتی ہے اور پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اسی لیے جلد تشخیص اور فوری علاج بہت اہم سمجھا جاتا ہے تاکہ بیماری کو سنگین شکل اختیار کرنے سے روکا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp