وفاقی دارالحکومت کی اعلیٰ عدالت میں بڑی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں جس کے تحت قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم کی سفارش پر پیرا 7 کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وزارت قانون کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3ججز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ججوں کے تبادلے سے متعلق قانون کیا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو متاثر کرے گا؟
اس فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس محسن اختر کیانی کا تبادلہ لاہور ہائیکورٹ کر دیا گیا ہے جہاں وہ سنیارٹی لسٹ میں 12 ویں نمبر پر ہوں گے۔ جسٹس محسن اختر کیانی اپنی سابقہ عدالت میں سینیئر ترین جج کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

اسی نوٹیفکیشن کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک اور اہم جج جسٹس بابر ستار کا تبادلہ پشاور ہائیکورٹ کردیا گیا ہے۔ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر تھے تاہم تبادلے کے بعد اب وہ پشاور ہائیکورٹ کے ججز میں چھٹے نمبر پر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ججز سینیارٹی کیس: تبادلے پر آیا جج نیا حلف لے گا اس پر آئین خاموش ہے، جسٹس محمد علی مظہر
جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو بھی سندھ ہائیکورٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ سنیارٹی لسٹ میں 16 ویں نمبر پر ہوں گی، جبکہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چھٹے نمبر پر موجود تھیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تمام تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے جس کے بعد متعلقہ ججز اپنی نئی تعیناتی والی عدالتوں میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔












