سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران تین خارجی عناصر کو ہلاک کر دیا ہے، جن میں زئی اللہ عرف عامر مہمند اور کمانڈر صادق مسعود کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں موجود شدت پسند عناصر کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا جو معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے اور معاشرتی نظام کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی فوسز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی، طالبان چوکیاں تباہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عناصر مذہبی تعلیمات کو غلط انداز میں پیش کر کے اپنے پرتشدد اقدامات کو جواز دینے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ ان کا بنیادی مقصد عوام میں خوف و افراتفری پیدا کر کے معاشرتی امن کو سبوتاژ کرنا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل اور منظم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ ان کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بنوں آپریشن میں افغان حمایت بے نقاب، فتنہ الخوارج کے خلاف پاکستان کا فیصلہ کن اقدام
حکام نے بتایا کہ مہمند میں حالیہ کامیاب کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا واضح ثبوت ہے، جس کے ذریعے تین خارجی عناصر کو ہدف بنا کر غیر فعال کر دیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور بہادری اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں تاکہ ملک کو شدت پسندی کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔














