محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق کل 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث دونوں صوبوں میں بڑے پیمانے پر آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی درجہ حرارت میں ایک ڈگری کی کمی ثقافتی ورثے کو تباہی سے بچا سکتی ہے، یونیسکو
ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF)، ملبے کے بہاؤ اور اچانک سیلاب کے خطرات کو بڑھا دیتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے اور دیر بالا جیسے علاقے ان خطرات کی زد میں ہیں۔
حکام نے برفانی وادیوں کے مکینوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں سے دور رہیں اور ندی میں پانی کے رنگ کی تبدیلی یا پتھروں کے ٹکرانے جیسی غیر معمولی آوازیں سننے پر فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں موسم بہار کے دوران برفانی طوفان کی وارننگ، درجہ حرارت میں 50 ڈگری تک کمی کا امکان
انتظامیہ نے شہریوں کو مویشی اور ضروری سامان بلند مقامات پر منتقل کرنے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حکام اس وقت 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی ٹیموں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جارہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔














