نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید بارشوں، گرج چمک اور ژالہ باری کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ایک طاقتور موسمی نظام پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جو 5 مئی تک سرگرم رہنے کا امکان ہے، اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، چاول کی عالمی سپلائی شدید خطرات سے دوچار
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں جن میں مری، راولپنڈی، لاہور، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل ہیں، وہاں بھی طوفانی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بعض حصوں میں شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئرز پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے آمد و رفت کے متاثر ہونے کا بھی شدید خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسم نے کروٹ بدل لی، پہاڑی علاقوں میں بارش جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی میں اضافہ
این ڈی ایم اے نے الرٹ میں واضح کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسمی صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
مویشیوں اور قیمتی املاک کی حفاظت کے لیے بھی پیشگی اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے۔














