پی ایس ایل 11، سفیان مقیم نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز جیت لیا

پیر 4 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 میں سفیان مقیم کو شاندار اور مسلسل باؤلنگ کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا ہے۔

پشاور زلمی کے اس اسرار انگیز اسپنر نے پورے سیزن میں بہترین کھیل پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل کی چیمپیئن بن گئی

سفیان مقیم نے 11 اننگز میں 22 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا اور انہیں علامتی فضل محمود کیپ سے نوازا گیا۔

ان کی اوسط 14.40 رہی، جو ان کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کو شکست دے کر اپنا دوسرا ٹائٹل جیتا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سفیان مقیم کا کہنا تھا کہ ان کی انفرادی کارکردگی اچھی رہی اور ٹیم نے بھی بہترین کھیل پیش کیا۔

‘میں نے اپنی بولنگ پر بہت محنت کی، اور یہ میرے نصیب میں تھا کہ میں بہترین باؤلر قرار پاؤں، انفرادی اعزازات کسی بھی کھلاڑی کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔’

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11: فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعام رقم ملے گی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

دوسری جانب ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنا کر حنیف محمد کیپ اپنے نام کی۔ انہوں نے 11 اننگز میں 588 رنز 73.50 کی شاندار اوسط سے اسکور کیے۔

 اگرچہ فائنل میں وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔ بابر اعظم کو ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر بھی قرار دیا گیا اور یہ ان کی بطور کپتان پہلی پی ایس ایل ٹرافی ہے۔

بابر اعظم نے اس سیزن میں 2 سینچریاں اور 3 نصف سینچریاں اسکور کیں اور ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کیا، جو اس سے قبل فخر زمان کے پاس تھا۔

مزید برآں، پشاور زلمی کے فرحان یوسف کو بہترین فیلڈر جبکہ کوشل مینڈس کو بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔

ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیا گیا، جنہوں نے 10 اننگز میں 17 وکٹیں 14.47 کی اوسط سے حاصل کرنے کے ساتھ 173 رنز بھی بنائے۔

اسی طرح حیدرآباد کنگزمین کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر حنین شاہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین ابھرتا ہوا کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے 17 وکٹیں حاصل کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp