اپریل: پاکستانی برآمدات میں بہتری کے آثار، درآمدات میں اضافے سے تجارتی خسارہ برقرار

منگل 5 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی اشیا کی برآمدات میں 2 ماہ کی مسلسل کمی کے بعد اپریل میں بہتری کے آثار سامنے آئے، تاہم درآمدات میں تیزی سے اضافے اور برآمدی آمدن میں نسبتاً سست رفتار کے باعث تجارتی خسارہ بدستور بلند سطح پر رہا۔

مزید پڑھیں:چین کی مکمل حمایت سے پاکستان برآمدات میں اضافہ کر سکتا ہے، نذیر حسین

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (PBS) کے مطابق اپریل میں برآمدات میں اضافہ ہوا، جو کسی حد تک اطمینان کا باعث ہے، مگر یہ بہتری بڑھتی ہوئی درآمدی ادائیگیوں سے پیدا ہونے والے خسارے کو کم کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

ماہرین کے مطابق توانائی اور صنعتی خام مال کی طلب کے باعث درآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدن پر سبقت لے جا رہا ہے اور بیرونی کھاتوں پر دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں برآمدات 14.03 فیصد اضافے سے 2.48 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2.17 ارب ڈالر تھیں، جبکہ ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران برآمدات میں مجموعی طور پر 6.25 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ 25.21 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 26.89 ارب ڈالر تھیں۔

دوسری جانب اپریل میں درآمدات سالانہ بنیاد پر 7.46 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 28.41 فیصد بڑھ کر 6.55 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی طرح جولائی تا اپریل کے دوران درآمدی بل 6.94 فیصد اضافے سے 57.19 ارب ڈالر ہو گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں تجارتی خسارہ 3.82 فیصد بڑھ کر 4.07 ارب ڈالر ہو گیا، جبکہ 10 ماہ کے دوران یہ خسارہ 20.28 فیصد اضافے سے 31.98 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔

مزید پڑھیں:2026 چین کی برآمدات میں 22 فیصد اضافہ، امریکی ٹیرف کے باوجود تجارت میں بڑی بحالی

ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خصوصاً آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے باعث شپنگ اخراجات میں اضافہ اور سپلائی چین میں خلل، برآمدات پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں، جس سے آئندہ مہینوں میں صورتحال مزید چیلنجنگ ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp