جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کے سابق ایم پی اے اور معروف عالم دین مولانا محمد ادریس کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 8 مئی کو نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔
مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں مولانا محمد ادریس کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی دینی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
چارسدہ ،قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی شیخ الحدیث مولانا ادریس کی تعزیت کے لئے چارسدہ آمد
شیخ الحدیث مولانا ادریس کے صاحبزادگان ،بھائیوں ،اہل خانہ اور تلامذہ سے اظہار تعزیت
مولانا ادریس مرحوم کے صاحبزادے مولانا انیس احمد کی دستار بندی
شیخ ادریس کی بلندی درجات کے لئے دعاء اور… pic.twitter.com/mJBVE4f2Bz— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) May 6, 2026
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اختلاف رائے کی بنیاد پر کسی مسلمان کا قتل جہالت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ مولانا ادریس کی وفات امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، اللہ اپنی قدرت سے ظالموں سے ضرور حساب لے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علما کرام پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ ہے کہ ملک کے اندر اسلحہ اٹھانا جائز نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہییں، مولانا ادریس شہید کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ معروف عالم دین مولانا ادریس کو گزشتہ روز چارسدہ میں گولیاں مار کر شہید کردیا گیا تھا۔












