پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 21.293 ارب ڈالر تک پہنچ گئے

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے مجموعی لیکویڈ زرمبادلہ کے ذخائر 30 اپریل 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 21.293 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں استحکام، ایک سال میں 6.5 ارب ڈالر کا اضافہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران اسٹیٹ بینک کے اپنے ذخائر 15.850 ارب ڈالر رہے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص زرمبادلہ ذخائر 5.442 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جس کے بعد مجموعی ملکی ذخائر 21.293 ارب ڈالر ہو گئے۔

مرکزی بینک کے مطابق زیر جائزہ ہفتے کے دوران اس کے ذخائر میں 23 ملین ڈالر کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، جس سے مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 5.850 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری اور استحکام کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ جمعرات کے روز تیل کی قیمتیں ابتدائی طور پر معمولی اضافے کے ساتھ ٹریڈ ہوئیں، تاہم ایک روز قبل ہونے والی بڑی کمی کے بعد مارکیٹ میں تاحال غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

مزید پڑھیے: پاکستان نے یورو بانڈ کی ادائیگی کر دی، زرمبادلہ ذخائر 4 سال کی بلند ترین سطح پر

ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ تبدیلیاں ’ٹیکنیکل کریکشن‘ کا نتیجہ ہیں جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ کشیدگی میں کمی کے امکانات پر بھی سرمایہ کار نظر رکھے ہوئے ہیں۔

برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 102 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تاہم بعد میں یہ دوبارہ کم ہو کر 100.9 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز کے راستے شپنگ میں رکاوٹیں اور خطے میں جیوپولیٹیکل کشیدگی ہے۔

مزید پڑھیں: خلیجی ممالک میں کتنے پاکستانی مقیم ہیں اور کتنا زرمبادلہ بھیجتے ہیں؟

ادھر پاکستان میں اپریل کے دوران کمپنی رجسٹریشنز میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق ایک ماہ میں 4,082 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو ملکی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی علامت قرار دی جا رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp