رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ کے بغیر یورپ کا تصور نامکمل اور بحرانوں سے نمٹنے میں کمزور رہے گا۔ یومِ یورپ کے موقع پر اپنے پیغام میں ترک صدر نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں یورپی یونین کو زیادہ جامع اور متحد پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
ترک ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اردوان نے کہا کہ شومین اعلامیہ، جس نے یورپی اتحاد کی بنیاد رکھی، امن، تعاون اور باہمی احترام پر مبنی مشترکہ مستقبل کی علامت تھا۔ تاہم آج جنگوں، سیاسی عدم استحکام اور معاشی چیلنجز نے یورپی یونین کے بنیادی اصولوں کو آزمائش میں ڈال دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاک ترکیہ عدالتی تعاون میں پیشرفت، پاکستانی جوڈیشل وفد کا استنبول کا اہم دورہ
رجب طیب اردوان نے زور دیا کہ ترکیہ یورپی یونین کے لیے ایک ناگزیر شراکت دار ہے اور مستقبل میں اس کی اہمیت مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بحرانوں کے باعث یورپی یونین کو زیادہ شامل اور متحد حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔
ترک صدر نے کہا کہ انقرہ یورپی یونین کے ساتھ ‘دونوں کے فائدے’ کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے اور ترکیہ مکمل رکنیت کے مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین بھی اسی سنجیدگی اور خلوص کا مظاہرہ کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے ساتھ یکجہتی، سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش
اردوان کا کہنا تھا کہ ‘یورپی یونین کو ترکیہ کی ضرورت، ترکیہ کی یورپی یونین سے ضرورت سے کہیں زیادہ ہے’ اور آنے والے برسوں میں یہ ضرورت مزید واضح ہوگی۔
انہوں نے یومِ یورپ کے موقع پر پورے براعظم کے لیے امن، خوشحالی اور یکجہتی کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور یورپی عوام سمیت بیرونِ ملک مقیم ترک شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔














