ڈھاکا میں ‘معرکۂ حق’ کی پہلی سالگرہ کی تقریب، پاکستان کے امن کے وژن اور دفاعی عزم کا اعادہ

اتوار 10 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمیشن کی جانب سے ڈھاکا میں ‘معرکۂ حق’ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرینِ تعلیم، صحافیوں، طلبا اور پاکستانی برادری کے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم، نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اور چیف آف آرمی اسٹاف کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں ‘معرکۂ حق’ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی جرات، قربانیوں اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف اور قطری وزیراعظم کا رابطہ، خطے میں امن کوششوں پر تبادلہ خیال

پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مستقبل میں کسی بھی خطرے اور چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ساتھ ہی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ جموں و کشمیر تنازع کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

قیادت کی جانب سے پاکستان کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دار ریاست قرار دیتے ہوئے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور قومی اتحاد و یکجہتی کے عزم کو دہرایا گیا۔ پیغامات میں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: بنگلہ دیش: وزیراعظم طارق رحمان کا پولیس کو امن و جمہوری اقدار کے تحفظ کا حکم

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کو سراہا اور بھارتی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے ردعمل کو قابلِ فخر قرار دیا۔ پاکستانی طلبہ اور کمیونٹی نمائندوں نے بھی ‘معرکۂ حق’ کے دوران سیاسی و عسکری قیادت کے اتحاد کو سراہا۔

تقریب کے موقع پر ہائی کمیشن کے احاطے میں ‘معرکۂ حق’ کے اہم لمحات پر مبنی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ شرکا کو پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp