غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا امکان، کلور پاکستان کے 23 فیصد شیئرز کی فروخت متوقع

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے درمیان پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ معروف کمپنی کلور پاکستان لمیٹڈ کے شیئرز کی ملکیت میں بڑی تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ اس کے ایک بڑے شیئر ہولڈر فوسل انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ اپنے تقریباً 23 فیصد شیئرز فروخت کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کمپنی اربنا رینچرز انٹرنیشنل کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں اعتماد بحال، سرمایہ کار اکاؤنٹس میں ریکارڈ اضافہ

کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان حصص کی منتقلی اور فروخت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

اس پیش رفت کو سیکیورٹیز ایکٹ 2015 اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قواعد و ضوابط کے تحت مٹیریل انفارمیشن کے طور پر رپورٹ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ سودا تاحال مذاکراتی مرحلے میں ہے اور اسے حتمی شکل نہیں دی گئی۔

اس لین دین کی تکمیل دونوں فریقین کے درمیان حتمی معاہدے، واجب الادا تندہی کے عمل اور تمام ضروری قانونی و کارپوریٹ منظوریوں سے مشروط ہوگی۔

کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شیئرز کی کسی بھی ممکنہ منتقلی کو کمپنیز ایکٹ 2017، سیکیورٹیز ایکٹ 2015 اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ٹیک اوور ریگولیشنز کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

کلور پاکستان کے کمپنی سیکریٹری اویس علی خان کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس اعلان کا مقصد مارکیٹ میں شفافیت برقرار رکھنا اور سرمایہ کاروں کو بروقت معلومات فراہم کرنا ہے، تاہم اس اطلاع کو حتمی معاہدے کی تصدیق تصور نہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: انوسٹمنٹ مارکیٹ مضبوط بنانے کے لیے کیپیٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کا قیام

معاشی ماہر شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

ان کے مطابق اب سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ مذاکرات باقاعدہ معاہدے کی صورت اختیار کرتے ہیں یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp