اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ معرکہِ حق پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس کے نتیجے میں پوری قوم یکجا ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں: معرکۂ حق کی تقریبات: اسلام آباد کی مختلف شاہراہیں جزوی طور پر بند رہیں گی
پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہِ حق کی بدولت پاکستان کا بیانیہ عالمی سطح پر قبول کیا گیا، جبکہ اس سے قبل یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پاکستان اپنا مؤقف کھو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر پہلگام جیسے واقعات کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، تاہم پاکستان نے شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے فریق سے تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔
فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور صدرِ پاکستان نے بڑے واضح اور دوٹوک الفاظ میں پیغام دیا ہے کہ اگر کسی نے بھی طاقت آزمانے کی کوشش کی تو ہمیں جواب دینا بھی آتا ہے۔اور پھر یہ معاملہ یہیں نہیں رکے گا، یہ آگ بہت دور تک پھیلے گی۔اب اگر کسی نے جرات کرنی ہے تو آکر کرلے۔ملک محمد احمد خان pic.twitter.com/QyMbxhmhHu
— WE News (@WENewsPk) May 11, 2026
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کی خودمختاری پر حملے کی کوشش کی گئی تو فیصلہ کیا گیا کہ اس کا مؤثر جواب دیا جائے گا، اور پاکستان نے معرکہِ حق میں عسکری اور سفارتی برتری ثابت کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان شخصیات کی شکر گزار ہے جنہوں نے یہ اعتماد بحال کیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آج کے اجلاس میں معرکہِ حق اور بنیان مرصوص میں کردار ادا کرنے والوں کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص: پاکستان ٹی وی کی خصوصی ڈاکیومنٹری
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام بنیان مرصوص میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہے اور آج فتح کا دن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اطلاعات تک رسائی پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو چکی ہے اور اب کوئی معمولی واقعہ بھی پوری قوم تک فوراً پہنچ جاتا ہے۔














