ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان، جنوبی علاقوں میں گرمی برقرار

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے، جہاں دیر، چترال، مالاکنڈ، کوہستان اور بونیر سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مالم جبہ، کالام، پاراچنار اور ایبٹ آباد کے چند مقامات پر بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں سب سے زیادہ 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ متعلقہ حکام نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے ہیٹ ویو اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ، آئندہ دنوں میں موسم سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا

دوسری جانب لاہور میں بھی مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر قائد کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں بھی بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp