کراچی میں گرفتار ہونے والی مبینہ منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی گرفتاری کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں پولیس کارروائی کے اہم مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار ایک فلیٹ پر پہنچتے ہیں اور دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی چلتی پھرتی کوکین لیب: پنکی کوئین انمول کی کہانی
دروازہ خود انمول عرف پنکی نے کھولا، جس کے بعد لیڈی کانسٹیبل نے فوری طور پر اندر داخل ہو کر ملزمہ کا موبائل فون تحویل میں لے لیا اور فلیٹ کی تلاشی شروع کردی۔
ویڈیو میں پولیس ٹیم کو فلیٹ کے مختلف حصوں کی تلاشی لیتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
میں پولیس افسر کی بیوی ہوں۔
مجھے پتہ ہے کہ پولیس چھاپے کیسے مارتی ہے اور آگے سے منشیات فروشوں کا کیا ردعمل ہوتا ہے۔
یہاں ایک انتہائی ہائی پروفائل، ہر مہینے کروڑوں کا بزنس کرنے والی ہائی پروفائل ملزمہ پنکی گارڈن کے ایک گھٹیا فلیٹ میں جالی کے گیٹ سے پولیس کو دیکھ کے نہیں بھاگتی، نہ… pic.twitter.com/t5yZVqSGKG— Dr Shama Junejo (@ShamaJunejo) May 13, 2026
دوسری جانب گرفتار ملزمہ کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انمول عرف پنکی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ کے خلاف ماضی میں درج مقدمات کی تفصیلات بھی اکٹھی کرلی گئی ہیں اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: منشیات فروش ‘پنکی’ کو پروٹوکول دینا مہنگا پڑ گیا، ایس ایچ او گارڈن سمیت 3 افسران معطل
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں۔














