وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تقریب میں شرکت کے لیے چین روانہ ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پہلی بار چین میں رواں ماہ کے اختتام پر پانڈا بانڈ جاری کرے گا، وزیرِ خزانہ محمداورنگزیب
محمد اورنگزیب بیجنگ میں ہونے والی اس اہم تقریب میں شرکت کریں گے جہاں پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے ذریعے چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گا جو دنیا کی سب سے بڑی اور گہری کیپیٹل مارکیٹس میں شمار ہوتی ہے۔
پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کی مالیاتی حکمت عملی میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے ملک اپنے فنانسنگ ذرائع کو متنوع بنانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کرنے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
حکومت کے مطابق پاکستان اب روایتی مالیاتی ذرائع کے ساتھ ساتھ مارکیٹ بیسڈ فنانسنگ کی جانب بھی پیش رفت کر رہا ہے۔
پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب امریکی ڈالر رکھا گیا ہے جبکہ ابتدائی اجرا 250 ملین امریکی ڈالر کے مساوی ہوگا۔ اس اجرا کو ایشیائی ترقیاتی ببنک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت حاصل ہے جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی پیشرفت پاکستان کی معاشی ساکھ میں بہتری، میکرو اکنامک استحکام اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی اعتماد کی عکاس ہے۔ حالیہ مہینوں میں برآمدات، ترسیلات زر اور دیگر معاشی اشاریوں میں بہتری نے ملکی معیشت کو زیادہ مستحکم بنیاد فراہم کی ہے۔
مزید پڑھیے: وفاقی وزیر خزانہ کا یوآن پر مبنی ’پانڈا بانڈز‘ رواں سال متعارف کرانے کا اعلان
پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور اقتصادی تعاون کو بھی پانڈا بانڈ کے اجرا سے مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق سی پیک سمیت مختلف مشترکہ منصوبوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دی ہے جبکہ پانڈا بانڈ مالیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔
بیجنگ میں ہونے والی تقریب میں چین کی وزارتِ خزانہ، پیپلز بینک آف چائنا، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں اور بینکنگ شعبے کے نمائندگان شرکت کریں گے۔
تقریب کے دوران پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر خصوصی پریزنٹیشن بھی دی جائے گی جبکہ وزیر خزانہ اپنے خطاب میں معاشی بحالی، اصلاحات اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا چینی مارکیٹ میں 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز فروخت کرنے کا فیصلہ
وزیر خزانہ کے دورہ چین کے دوران مختلف سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور چینی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور مستقبل کے مالیاتی اشتراک پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ حکومت پاکستان نے اس پیشرفت کو معاشی سفارت کاری اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔












