نئے سینٹرل کنٹریکٹس: کئی کرکٹرز کی چھٹی، ڈومیسٹک پرفارمرز کی انٹری متوقع

جمعہ 15 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کے نئے فائنانشل ماڈل میں آئندہ ماہ سے بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ کئی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں رد و بدل بھی متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ سینٹرل کنٹریکٹس کا فائنانشل ماڈل 30 جون کو ختم ہو جائے گا، جس کے بعد یکم جولائی سے نئے کنٹریکٹس کا نیا دور شروع ہوگا۔

 تاہم اس ضمن میں حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ویمنز کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، سعدیہ اقبال اے کیٹیگری میں شامل

یاد رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے دور میں 2023 میں 3 سالہ فنانشل ماڈل متعارف کرایا گیا تھا۔

جس میں موجودہ انتظامیہ کے دور میں بنیادی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر کیٹیگریز میں رد و بدل کا سلسلہ جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے لیے مشاورت کا عمل شروع ہو چکا ہے اور کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی غور کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ سال 30 کرکٹرز کو کنٹریکٹس دیے گئے تھے، جن میں پہلی مرتبہ اے کیٹیگری میں کوئی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔

موجودہ اطلاعات کے مطابق آئندہ سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔

کئی کھلاڑیوں کی ترقی یا تنزلی کا امکان ہے، جبکہ بعض کھلاڑیوں کی شمولیت بھی خطرے میں ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد محمد عباس پہلی مرتبہ کیوی سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب، کین ولیمسن نظر انداز

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد نواز، عبداللّٰہ شفیق، فہیم اشرف، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کے کنٹریکٹ لسٹ میں برقرار رہنے کے امکانات کم ہیں۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اذان اویس اورعبداللہ فضل جیسے کھلاڑیوں کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئے فائنانشل ماڈل اور کیٹیگریز کو جلد حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp