صوبائی دارالحکومت میں تاجر برادری اور شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹوں کے اوقاتِ کار میں یکم جون تک نرمی کردی ہے۔
اس فیصلے کے تحت آج سے لاہور کی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کو رات 8 بجے تک بند کرنے کی لازمی پابندی ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد اب کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان
ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری تاجروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا اور انہیں ہر ممکن ریلیف دینا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اوقاتِ کار میں نرمی کا فیصلہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تاجر برادری کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے سے جہاں تاجروں کو فائدہ پہنچے گا، وہیں عام شہریوں کے لیے بھی خریداری کے عمل میں بڑی آسانی پیدا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ایس سی او اجلاس: انتظامیہ نے شہر بھر کے ہوٹلز اور شادی ہالز کو نوٹسز دینے کی تردید کردی
اب شہری اپنی سہولت کے مطابق شام کے اوقات میں بھی خریداری کرسکیں گے، جس سے مارکیٹوں میں رش کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ یہ نرمی فی الحال یکم جون تک کے لیے دی گئی ہے، جس کا مقصد عوام کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو خریداری میں آسانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔














