پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے شاہین شاہ آفریدی سے مبینہ تلخ کلامی یا لڑائی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے معاملے کی وضاحت پیش کی ہے۔
عمر گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ صبح سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ دیکھی جس میں انہیں ٹیگ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہین آفریدی مبینہ طور پر کوچ کی بات نہیں سن رہے۔
شاہین شاہ آفریدی سے لڑائی والی بات ٹھیک نہیں ہے، وہ ایسا لگا لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، عمر گل pic.twitter.com/YXcvWi5YpL
— Siddique Jan SMT (@SdqJaanSMT) May 18, 2026
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فاسٹ بولر حسن علی انجری کے باعث گر گئے تھے اور میدان سے باہر موجود تھے، جبکہ شاہین آفریدی اس وقت ڈریسنگ ایریا کے قریب بیٹھے تھے۔
ان کے مطابق عام طور پر شاہین شاہ گھٹنے پر ٹیپ لگا کر بولنگ کرتے ہیں اور اسی حوالے سے معمول کی بات چیت جاری تھی۔
عمر گل نے مزید بتایا کہ اسی دوران وہ شاہین آفریدی سے عام گفتگو کر رہے تھے اور انہیں باہر جانے کا کہا جا رہا تھا کہ اچانک اطلاع ملی کہ حسن علی کو سر پر چوٹ لگی ہے، جس کے بعد صورتحال فوری طور پر تبدیل ہوگئی۔
انہوں نے کہاکہ اس پورے واقعے کو غلط انداز میں لڑائی یا جھگڑے کا رنگ دیا گیا، جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔
ان کے مطابق ویڈیو میں جو ردعمل نظر آ رہا ہے وہ محض اس لمحے کا فطری ری ایکشن تھا، اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اس وقت ریکارڈنگ ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد مختلف صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ٹیم کے کوچ اور کھلاڑی کے درمیان گرما گرمی ہوئی ہے، تاہم عمر گل نے ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔













