بالی ووڈ کے اپنے وقت کے سپر اسٹار انیل کپور نے اہلیہ سنیتا کپور کے ساتھ 42 ویں شادی کی سالگرہ پر اپنی شادی کے سادہ لمحات کو یاد کرتے ہوئے انسٹاگرام پر چند نایاب تصاویر شیئر کیں اور رفیقہ حیات کے لیے زبردست تعریفی کلمات بھی تحریر کیے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان آنے کے لیے ترس رہا ہوں‘، انیل کپور کی ویڈیو دوبارہ وائرل
ان تصاویر میں ایک تصویر ان کی شادی کے دن کی ہے جبکہ دیگر تصاویر ان کے ساتھ گزارے گئے اہم لمحات کو دکھاتی ہیں۔
انیل کپور نے ان تصاویر کے ساتھ ایک دل کو چھو لینے والا پیغام بھی لکھا جس میں انہوں نے سنیتا کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہر لمحے ان کے ساتھ رہیں اور ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دیا۔
مزید پڑھیے: انیل کپور کا ڈائیلاگ ’جھکاس‘ کس فلم سے زبان زد عام ہوا؟
انہوں نے لکھا کہ’42 سال کی شادی۔ 53 سال کی زندگی ساتھ اور ہر سال پہلے سے بھی زیادہ مکمل محسوس ہوتا ہے۔ ہماری شادی سب سے سادہ تھی، صرف 30 منٹ کی تقریب، نہ ہنی مون، نہ کوئی دھوم دھام، صرف والدین، چند قریبی دوست اور ہم دونوں۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ 30 منٹ کی تقریب اتنی طویل رفاقت میں بدل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہا جاتا ہے شادیاں آسمانوں میں طے ہوتی ہیں اور ہمارا معاملہ بھی ایسا ہی ہے‘۔
View this post on Instagram
انیل کپور نے کہا کہ ’میں نے پہلے بھی کہا ہے اور ہمیشہ کہوں گا، تم وہ وجہ ہو جس کی بدولت سب کچھ ممکن ہوا۔ تمہارے ساتھ ہونے کی وجہ سے میں ہر خواب کے پیچھے جا سکا، ہر خطرہ لے سکا، ہر سیٹ پر دکھا سکا۔ کیونکہ میں جانتا تھا کہ تم سب کچھ محبت اور وقار کے ساتھ سنبھال رہی ہو۔ 53 سال تک ہر روز مجھے تم نے چنا اور میں اس کا ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرتا۔ میری بہترین دوست، میری ساتھی، میری سب کچھ، شادی کی سالگرہ مبارک، میری محبت۔ آگے بھی ہمارا سفر جاری رہے‘۔
واضح رہے کہ انیل اور سنیتا کپور نے شادی سے پہلے تقریباً ایک دہائی تک ایک دوسرے کے قریبی دوست رہے اور پھر سنہ 1984 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔














