اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کیا۔
مزید پڑھیں:پاک چین ای مائننگ پلیٹ فارم کا آغاز، معدنی شعبے میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین منفرد آئرن برادرز ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جبکہ دونوں ممالک کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو پاک چین دوستی کی مثالیں دیں گے اور یہ دوستی آنے والی دہائیوں میں مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سی پیک کے دوسرے مرحلے کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے موسم کی طرح پاک چین تعلقات ہمیشہ بہتر سے بہترین ہوتے گئے اور دوستی کی 75 سالہ تاریخ میں کبھی خزاں کا موسم نہیں آیا۔
مزید پڑھیں:پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل، سی پیک تعاون سے معیشت اور ترقی کے نئے در وا
احسن اقبال نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کی شراکت داری خطے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔














