وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے کی۔
وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔
ISLAMABAD: 20 May 2026.
Call on the Prime Minister by Vice Chairman of the Standing Committee of the 14th National People’s Congress (NPC), Mr. Cai Dafeng.
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif received a highly level Chinese delegation, led by H.E. Mr. Cai Dafeng, Vice… pic.twitter.com/f2LbtOKY2v
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) May 20, 2026
چینی مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر اسٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔
وزیراعظم نے شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورۂ چین کے منتظر ہیں، جو 23 مئی سے شروع ہوگا۔
علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان چین سرمایہ کاری کانفرنس، اربوں ڈالرز کے کون سے 21 معاہدے ہوئے؟
تسائی دافنگ نے مزید کہاکہ چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
دونوں جانب نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی بھائی چارہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا ایک اہم ستون ہے۔














