نوجوان پنجابی گلوکارہ کو اغوا کے بعد قتل کیوں کیا گیا؟ لرزہ خیز وجوہات سامنے آگئیں

جمعرات 21 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی ابھرتی ہوئی گلوکارہ کے قتل نے مداحوں اور موسیقی کی دنیا کو گہرے دکھ میں مبتلا کر دیا ہے۔ گلوکارہ کی لاش بھارتی شہر لدھیانہ کی نیلون نہر سے برآمد ہوئی ہے۔ اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اس واقعے میں سکھوندر سنگھ نامی ایک شادی شدہ شخص ملوث ہے، جو مبینہ طور پر طویل عرصے سے گلوکارہ کا پیچھا کر رہا تھا۔

خاندان کے مطابق سکھوندر سنگھ نے اندر کور کو شادی کی پیشکش کی تھی تاہم گلوکارہ نے اس وقت انکار کر دیا جب انہیں معلوم ہوا کہ ملزم پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کی بیوی کینیڈا میں رہائش پذیر ہے۔ اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ انکار کے بعد سکھوندر سنگھ انتقام کی نیت سے کینیڈا سے پنجاب واپس آیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان پنجابی گلوکارہ کا لرزہ خیز قتل، لاش نہر سے برآمد

پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر اندر کور کا راستہ روکا، انہیں اسلحے کے زور پر اغوا کیا، قتل کیا اور بعد ازاں لاش نیلون نہر میں پھینک دی۔ اہلِ خانہ نے پولیس پر مقدمہ درج ہونے کے باوجود فوری کارروائی نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان کی لاش لدھیانہ کی نیلون نہر سے برآمد ہونے کے بعد سمرالہ سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ واقعے کے بعد اندر کور کے بھائی جتندر سنگھ نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کی بنیاد پر 15 مئی کو اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مرکزی ملزم سکھوندر سنگھ کی تلاش جاری ہے جبکہ اس کے والد پریتم سنگھ، ساتھی کرم جیت سنگھ اور رویندر سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp