پنجاب میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 76 ہزار آئمہ مساجد آگاہی مہم میں شامل

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب، سول سوسائٹی اور مذہبی قیادت مشترکہ کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ صوبے بھر میں 76 ہزار آئمہ مساجد منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔

لاہور میں محکمہ داخلہ پنجاب میں منشیات کے تدارک کے لیے متحرک سول سوسائٹی ممبران سے ملاقات کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پُرامن، صحت مند اور ہم آہنگ معاشرے کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے منشیات کے خلاف بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے، جس میں معاشرے کے مختلف طبقات شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں غنڈہ گردی کے خلاف گھیرا تنگ، نئی قانون سازی کا فیصلہ

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ 76 ہزار آئمہ مساجد اپنے خطبات اور دروس میں منشیات سے بچاؤ کا پیغام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 1997 اور ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت منشیات کی تیاری، ترسیل اور فروخت سنگین جرائم ہیں، جن پر 25 سال تک قید اور بھاری جرمانے کی سزائیں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پنجاب میں 76 ہزار منشیات فروش گرفتار کیے گئے جبکہ 74 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کیے گئے۔ سیکرٹری داخلہ نے انکشاف کیا کہ صوبے کی جیلوں میں 19 ہزار سے زائد قیدی منشیات کے استعمال یا خرید و فروخت کے مقدمات میں قید ہیں، جو تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر وہ اپنے اردگرد منشیات سے متعلق کوئی مشکوک سرگرمی دیکھیں تو پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ہیلپ لائن 1012 پر اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوان پنجابی گلوکارہ کو اغوا کے بعد قتل کیوں کیا گیا؟ لرزہ خیز وجوہات سامنے آگئیں

ملاقات میں سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی منشیات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، آگاہی مہمات اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر پنجاب چیریٹیز کمیشن، پروبیشن اینڈ پیرول، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے بھی بریفنگز دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp