آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے موجودہ نظام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کا طریقہ فوری طور پر ختم کرکے دوبارہ 15 روزہ شیڈول بحال کیا جائے۔
اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام ایک مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں موجودہ پالیسی سے پیدا ہونے والے مسائل اور کاروباری مشکلات کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے تبدیلی کے باعث پمپ مالکان شدید مالی اور انتظامی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔ مسلسل اتار چڑھاؤ سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ کھاتہ داری، صارفین کے رویّے اور دیگر معاملات میں بھی پیچیدگیاں بڑھتی جا رہی ہیں، جس کا اضافی بوجھ پمپ مالکان کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق بار بار قیمتیں تبدیل ہونے سے مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنا اور عوامی اعتماد بحال رکھنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ مراسلے میں حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ موجودہ ہفتہ وار پالیسی ختم کر کے سابقہ 15 روزہ نظام دوبارہ نافذ کیا جائے تاکہ کاروباری ماحول میں بہتری لائی جا سکے۔
مزید کہا گیا کہ اگر 15 روزہ شیڈول بحال کر دیا جائے تو اس سے نہ صرف پیٹرول پمپ کاروبار میں استحکام آئے گا بلکہ آپریشنل معاملات بھی بہتر ہوں گے، جبکہ ڈیلرز، مالکان اور صارفین کو زیادہ متوازن اور سہل ماحول میسر آ سکے گا۔ مراسلے میں امید ظاہر کی گئی کہ وزیراعظم اس معاملے کا فوری نوٹس لیں گے۔














