وزیراعظم شہباز شریف کا ’گریٹ ہال آف دا پیپلز‘ میں شاندار استقبال کیا گیا جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہفتے کے روز 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچے تھے اور ہانگژو میں مختصر قیام کے بعد گزشتہ روز بیجنگ پہنچے۔
گریٹ ہال آف دی پیپلز آمد پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کو اپنے وفود سے متعارف کرایا جبکہ اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
وفاقی وفد کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر بھی موجود تھے، جو ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچے۔
وفود کی سطح پر مذاکرات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کا ہر دورہ ترقی اور نئے منصوبوں کی جھلک دکھاتا ہے۔
براہِ راست: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات کیلئےگریٹ ہال آف دی پیپلز آمد https://t.co/dBIUNmAPn6
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) May 25, 2026
وزیراعظم نے صوبہ شانشی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ایک اہم تاریخی موقع پر ہو رہا ہے کیونکہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے بانی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھی۔
میں صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا خطے میں امن کے فروغ اور ایران، امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون پر شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف pic.twitter.com/sNLp2elgDz
— WE News (@WENewsPk) May 25, 2026
وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں مخلصانہ کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی اور امریکی قیادت کے ساتھ رابطوں میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ خطے میں مستقل امن قائم ہوگا اور صورتحال درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے چین کے صدر اور چینی قیادت کا پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے 4 نکاتی امن ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کا تحفظ اور مثبت کردار ادا کیا ہے، صدر شی جن پنگ کی آج وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ہوگی، یہ ملاقات دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنےکیلیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف آج چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے
چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی بیجنگ آمد پر گریٹ ہال آف دی پیپل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا!! pic.twitter.com/EPAOqRdyx5
— WE News (@WENewsPk) May 25, 2026
انھوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانےاور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، وزیراعظم، ہم آپ کے ساتھ عملی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔
دورۂ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف صدر شی جن پنگ اور دیگر اعلیٰ چینی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔














