اسلامی بینک بنگلہ دیش کے نئے چیئرمین کی تقرری پر احتجاج، پولیس کی کارروائی

پیر 1 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے سب سے بڑے اسلامی مالیاتی ادارے، اسلامی بینک بنگلہ دیش پی ایل سی، میں نئے چیئرمین خورشید عالم کی تقرری کے خلاف احتجاج کے بعد پیر کے روز ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہوگئی۔

دارالحکومت ڈھاکہ میں بینک کے مرکزی دفتر کے باہر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے ڈھاکہ کے تجارتی مرکز دلکوشہ میں واقع بینک کے ہیڈکوارٹر کے باہر جمع مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بند فیکٹریاں اب دوبارہ چلیں گی، بنگلہ دیش بینک نے 5 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا

مظاہرین ’اسلامی بینک شعوری صارفین فورم‘ کے پلیٹ فارم تلے جمع ہوئے تھے، عینی شاہدین کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے۔

مظاہرین نے انسانی زنجیر اور احتجاجی مظاہرہ منعقد کرکے نئے چیئرمین خورشید عالم کی تقرری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر فاروق خان کو عہدے سے ہٹانے کی مبینہ کوششوں کی بھی مخالفت کی۔

عینی شاہدین کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے پولیس نے علاقے کو خالی کرانے کی کوشش شروع کی۔

تاہم مظاہرین کے منتشر ہونے سے انکار پر پولیس نے واٹر کینن اور آنسو گیس سمیت طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔

بعد ازاں مظاہرین نے قریبی مقام پر دوبارہ جمع ہو کر احتجاج جاری رکھا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا احتجاج پُرامن تھا، لیکن حکام نے غیر ضروری اور حد سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت اور بنگلہ دیش کی سرحد پر کشیدگی، سینکڑوں افراد ہولڈنگ سینٹرز میں منتقل

ان کا الزام تھا کہ نئے چیئرمین کا تعلق ایسے کاروباری مفادات سے ہے جو بینک کی ملکیت سے متعلق سابقہ تنازعات سے جڑے رہے ہیں، اور ان کی تقرری سے مالی بے ضابطگیوں کے دوبارہ جنم لینے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب موتی جھیل ڈویژن کے ڈپٹی پولیس کمشنر محمد ہارون الرشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے مظاہرین کو کئی مرتبہ پُرامن طریقے سے علاقہ خالی کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہاں اسلامی بینک سمیت متعدد اہم مالیاتی اداروں کے دفاتر موجود ہیں۔

’ہم نے انہیں کئی بار پُرامن طور پر منتشر ہونے کو کہا، لیکن انکار پر ہمیں طاقت استعمال کرنا پڑی۔‘

یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب اسلامی بینک کے سابق چیئرمین ایم زبید الرحمٰن نے 24 مئی کو مبینہ طور پر بنگلہ دیش بینک سے مشاورت کے بعد استعفیٰ دے دیا۔

اسی روز بنگلہ دیش بینک کے سابق ڈپٹی گورنر خورشید عالم کو اسلامی بینک کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔

خورشید عالم کو فروری 2024 میں 3 سالہ مدت کے لیے مرکزی بینک کا ڈپٹی گورنر مقرر کیا گیا تھا، تاہم اگست 2024 میں ملک میں سیاسی تبدیلیوں اور بعد ازاں بنگلہ دیش بینک کے اندر ہونے والے احتجاج کے بعد وہ اور 3 دیگر اعلیٰ عہدیدار اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔

ان کی بطور چیئرمین تقرری کے اعلان کے بعد سے بینک کے بعض حلقے اس فیصلے کی مخالفت کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کا روہنگیا بحران پر اقوام متحدہ سے مؤثر تعاون بڑھانے کا مطالبہ

پیر کے روز ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے بینک کے پورے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا اور منیجنگ ڈائریکٹر عمر فاروق خان کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی تحریک کو بنگلہ دیش کی اپوزیشن جماعت جماعتِ اسلامی سے ہمدردی رکھنے والے عناصر کی حمایت حاصل ہے۔

اسلامی بینک، جسے ماضی میں جماعتِ اسلامی سے وابستہ مفادات کے قریب سمجھا جاتا تھا، 2017 میں سابق عوامی لیگ حکومت کے دور میں ایس عالم گروپ کے کنٹرول میں چلا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں خسرہ کی ویکسین کی قلت، یونیسیف کے انتباہ کو نگران حکومت نے نظرانداز کیا

بنگلہ دیشی حکام اس وقت بینکاری شعبے میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بڑے پیمانے پر رقوم بیرونِ ملک منتقل کیے جانے کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

جن میں بعض ایسے مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں جن کا تعلق ماضی میں اس گروپ سے رہا ہے۔

حالیہ پیش رفت نے ایک بار پھر بنگلہ دیش کے سب سے بڑے اسلامی بینکوں میں سے ایک کی انتظامی حکمتِ عملی، گورننس اور مستقبل کی سمت کے حوالے سے جاری کشیدگی کو نمایاں کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

شادی کے چند گھنٹے بعد ہیلی کاپٹر حادثہ، دولہا ہلاک، دلہن زخمی

104 میچز، 48 ٹیمیں اور اربوں شائقین، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کیا کچھ نیا ہونے جارہا ہے؟

ساؤتھ ایئر کا ڈی آئی خان اور چترال کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

یورپی یونین نے پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کردی، مذاکرات بہترین راستہ قرار

‘اپنے ساتھ کچھ لیکر نہ جائیں’، سوئٹزرلینڈ میں بھارتی سیاحوں کو شرمندگی کا سامنا، ہوٹل انتظامیہ کا سخت پیغام

ویڈیو

یورپی یونین نے پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کردی، مذاکرات بہترین راستہ قرار

جنگلی حیات پر تحقیق اور آگاہی کے لیے سرگرم نوجوان جوڑے کی کہانی

آئندہ مالی سال کا بجٹ: کس کو ریلیف ملے گا اور کس پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھے گا؟

کالم / تجزیہ

جب یورپ کو پاکستان کی بات سمجھ آئی

گجرات کی گلیاں انور مسعود کو یاد کرتی ہیں

کوئٹہ سے تل ابیب تک