امریکی مصور رابرٹ وائلینڈ نے فیفا، مقامی ورلڈ کپ منتظمین، عمارت کے مالک اور انتظامی کمپنی کے خلاف 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
وائلینڈ کا الزام ہے کہ ڈیلاس میں واقع ان کی مشہور دیوار نگاری کو 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ کی تشہیری مہم کے لیے غیرقانونی طور پر مٹا دیا گیا، جس سے شہر کی ایک اہم ثقافتی علامت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
پیر کے روز ڈیلاس کی وفاقی عدالت میں دائر مقدمے میں وائلینڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے فن پارے پر ان کی اجازت یا پیشگی اطلاع کے بغیر رنگ پھیر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دورانِ پرواز ہنگامہ، مسافر نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو کاٹ لیا
ان کے مطابق یہ اقدام امریکی قانون ’ویژول آرٹسٹس رائٹس ایکٹ 1990‘ کی خلاف ورزی ہے، جو عوامی مقامات پر نصب ایسے فن پاروں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، جنہیں نمایاں فنی یا ثقافتی اہمیت حاصل ہو۔
وائلینڈ، جو دنیا بھر میں سمندری حیات پر مبنی اپنے بڑے دیوار گیر فن پاروں کے لیے مشہور ہیں، نے بتایا کہ ’وہیلنگ وال 82‘ کے نام سے معروف یہ میورل 1999 میں مکمل کیا گیا تھا۔
تقریباً 17 ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلا یہ فن پارہ ڈیلاس کے مرکزی علاقے میں ایک عمارت کی 2 دیواروں پر بنایا گیا تھا، جس میں زندگی کے حقیقی حجم کی وہیل مچھلیاں دکھائی گئی تھیں۔
Detroit artist files $25M lawsuit against FIFA, city of Dallas over covered whale mural https://t.co/mwp8OrBU9y
— Brandon L. Carr (@Carrpediem21) June 3, 2026
یہ میورل نہ صرف شہر کی شناخت بن چکا تھا بلکہ سمندری حیات کے تحفظ کا ایک مضبوط پیغام بھی دیتا تھا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کی تشہیر کے لیے اس تاریخی فن پارے کو جلد بازی میں ختم کیا گیا۔
وائلینڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ منتظمین نئے عوامی فن پارے کی بات کر رہے ہیں، تاہم ایک تاریخی اور مقبول تخلیق کو مٹانا ثقافتی ورثے کے نقصان کے مترادف ہے۔
مزید پڑھیں: میسی اور رونالڈو کے ممکنہ آخری عالمی امتحان سمیت ورلڈ کپ 2026 کا عظیم آغاز قریب
دوسری جانب مقامی ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس مقام پر ایک نیا فن پارہ تخلیق کیا جائے گا جو ورلڈ کپ 2026 کے جذبے، عالمی ہم آہنگی اور اتحاد کی نمائندگی کرے گا۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ وائلینڈ کے میورل کا ایک حصہ محفوظ رکھا جائے گا، فیفا نے اس تنازع سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں اس کا کوئی براہِ راست کردار نہیں۔
Artist sues FIFA for $25 million after iconic Dallas whale mural was painted over for World Cup pic.twitter.com/HhjLQKkALu
— Dallas Texas TV (@DallasTexasTV) June 2, 2026
ادھر عمارت کی انتظامی کمپنی سلیٹ ایسیٹ مینجمنٹ کا دعویٰ ہے کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ مصور کو منصوبے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے پر مقامی سطح پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے میورل کے تحفظ اور عوامی فن پاروں کی حفاظت کے لیے شروع کی گئی ایک آن لائن درخواست پر اب تک 2,600 سے زائد افراد دستخط کر چکے ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عدالت نے وائلینڈ کے مؤقف کو درست قرار دیا تو یہ فیصلہ امریکا میں عوامی فن پاروں کے تحفظ سے متعلق ایک اہم قانونی نظیر ثابت ہو سکتا ہے۔














