وزیر داخلہ کی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، اہم قومی و علاقائی امور زیر بحث

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے جماعت اسلامی کو ایران اور امریکا مذاکرات اور اس ضمن میں اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر اعتماد میں لیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران تاریخی امن معاہدہ : کشیدگی کے دوران کب کیا ہوا؟

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال بھی زیر غور آئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کو خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اس مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے مابین مفاہمت کے سلسلے میں پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس سے پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیر جماعت اسلامی کو ایران اور امریکا مذاکرات اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر اعتماد میں لیا۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت یرغمال پاکستانیوں کی فوری اور بحفاظت واپسی کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کرے۔

مزید پڑھیں: ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے پر اتفاق، معاہدہ امریکا کی جانب سے مکمل ہو چکا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ملاقات میں ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp