پاکستان کی کامیاب سفارتکاری دنیا بھر میں تسلیم، مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، رانا قاسم نون

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور عالمی سطح پر اس کا کردار نمایاں ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:عمران خان کے بیٹے پاکستان آئے تو ان کا کیا انجام ہوگا؟ رانا ثنااللہ نے خبردار کردیا

رانا قاسم نون نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری نے ملک کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کو منوایا جبکہ سفارتی اور سیاسی محاذوں پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری سفارتی کوششوں اور ثالثی کے مختلف عمل میں پاکستان کا کردار نمایاں رہا ہے اور ملکی قیادت امن کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے بنیادی اور کور ایشو ہے۔ کشمیر شہدا کی امانت اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی جزو ہے، جبکہ کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کا رشتہ تاریخی، سیاسی، اخلاقی اور مذہبی بنیادوں پر قائم ہے۔

رانا قاسم نون نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اسے عالمی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید سنگین ہوئی ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے اور وہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں:چیئرمین کشمیر کمیٹی کا دورہ مظفرآباد، بھارتی حملے شہید مسجد کی تعمیر کرانے کا اعلان

رانا قاسم نون نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی اور سفارتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستان مختلف شعبوں میں بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی تنازعات کے حل اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp