پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور تفریحی مقامات کے لیے نئے اوقات کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد شدید گرمی کے موسم میں تاجر برادری اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
نئے سرکاری احکامات کے مطابق اب صوبے بھر میں تمام دکانیں، تجارتی مارکیٹیں اور بڑے شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھے جا سکیں گے، جس کے بعد انہیں کاروبار بند کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑیں: لاہور: تاجروں نے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے نئے اوقات مسترد کردیے
نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس، سینما گھروں اور کیفے کو رات 11 بجے تک کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے ریسٹورنٹس سے کھانا گھر لے جانے یعنی ٹیک اوے کی سروس پر وقت کی کوئی پابندی نہیں ہوگی اور یہ سلسلہ مقررہ وقت کے بعد بھی جاری رہ سکے گا۔
Austerity Measures 03-06-26 by nisar.khan74
اس کے علاوہ شادی ہالز اور مارکیز کے لیے رات 10 بجے تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد کسی بھی قسم کی تقریب جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوامی ضرورت اور ہنگامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیکل اسٹورز، ہسپتالوں اور پیٹرول پمپس کو ان نئے اوقات کار سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا اور ان پر وقت کی کسی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، جس کے باعث یہ مراکز چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: بیرونی سرگرمیوں پر ایک ہفتے کی پابندی، مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنیکا کا فیصلہ
انتظامیہ کی جانب سے تمام اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ اس صوبائی نوٹیفکیشن سے قبل وفاقی حکومت نے بھی ملک بھر میں جاری کفایت شعاری مہم کے ضوابط میں نرمی کرتے ہوئے تجارتی اوقات کار میں توسیع کا یہی مشترکہ فیصلہ کیا تھا۔
وفاقی حکومت کا یہ اقدام ڈپٹی پرائم منسٹر اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ مانیٹرنگ کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سامنے آیا تھا، جہاں شدید گرمی اور دن کے طویل اوقات کے باعث ملک بھر کے تاجروں اور عوام کے لیے ان متبادل اوقات کی منظوری دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا کفایت شعاری پالیسیوں پر سختی سے عمل جاری رکھنے کا فیصلہ
وفاق کے بعد اب پنجاب حکومت نے صوبائی سطح پر اس کا باقاعدہ اطلاق کردیا ہے۔














