پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام 7 جون کو پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے، جس کے بعد جیالا وزیراعلیٰ منتخب ہوگا اور عوامی خدمت کا سفر ایک بار پھر آگے بڑھے گا۔
گلگت بلتستان میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ غریب اور مستحق طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
گلگت بلتستان میں ہر طرف پیپلز پارٹی کے کیمپوں میں جوش و خروش ہے۔ باقی پارٹیاں پتا نہیں کیوں اتنی پریشان ہیں ، چلیں، ایک کی تو سمجھ آتی ہے کہ وہ قیدی ہے، اس لیے وہ پارٹی پریشان ہی ہوگی، مگر دوسری پارٹی کیوں پریشان ہے؟ یہ میں پہلی دفعہ دیکھ رہا ہوں کہ کوئی وفاقی حکومت میں بھی ہو… pic.twitter.com/oJgbbRKIDp
— WE News (@WENewsPk) June 3, 2026
بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو سیاسی دباؤ اور دہشت گردی کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان ایک مضبوط اور پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہے جو اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 18ویں آئینی ترمیم کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کیا جائے
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے عمل کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دیامر بھاشا ڈیم کو مکمل کرنے میں ’شہباز اسپیڈ‘ کا مظاہرہ کریں تاکہ یہ اہم قومی منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر 2013 میں آر اوز کے ذریعے انتخابات میں مداخلت نہ کی جاتی اور سازش کے تحت صدر آصف علی زرداری کی حکومت کو ختم نہ کیا جاتا تو آج دیامر بھاشا ڈیم مکمل ہو چکا ہوتا۔
ملک کو ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکل حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی ضرورت ہے۔ گزشتہ انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ پیپلز پارٹی کو ملے تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حقوق کسی کو پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیے جاتے بلکہ اس کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا پڑتی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے تمام آئینی اور جمہوری حقوق دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
سی پیک پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر صدر آصف علی زرداری چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ پاکستان نہ لاتے تو آج ملک میں اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبے وجود میں نہ آتے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ غریب دشمن منشور رکھنے والی بعض جماعتیں انتخابات کو مینیج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم عوام ان کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔
عجیب جماعتیں گلگت بلتستان بھیجی گئی ہیں
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس مرتبہ گلگت بلتستان میں ایسی ایسی جماعتوں کو بھیجا گیا ہے جن کا نہ کوئی سیاسی پس منظر ہے اور نہ ہی کوئی عوامی شناخت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کے رہنماؤں نے شاید کبھی گلگت بلتستان کو قریب سے دیکھا تک نہیں، ان کے انتخابی کیمپ خالی پڑے ہیں جبکہ ان کے پاس وسائل اور سرمایہ بے شمار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ جس طرح لاہور میں سیاست چلتی ہے ویسے ہی گلگت بلتستان میں بھی چل جائے گی اور ’پیسہ پھینک، تماشا دیکھ‘ کی سیاست یہاں بھی کامیاب ہو جائے گی، لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور خرید و فروخت کی سیاست کو مسترد کر دیں گے۔
مخالف جماعتیں پریشان کیوں ہیں؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہر طرف پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپوں میں جوش و خروش نظر آ رہا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں پریشانی کا شکار دکھائی دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کی پریشانی تو سمجھ آتی ہے کیونکہ اس کا قائد جیل میں ہے، لیکن دوسری جماعت کی پریشانی سمجھ سے بالاتر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ ایک جماعت وفاقی حکومت میں بھی موجود ہے لیکن اس کے امیدوار مایوس اور شکست خوردہ دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کا حصہ ہونا گلگت بلتستان کی سیاست میں ہمیشہ ایک مضبوط حیثیت سمجھا جاتا تھا، لیکن اس کے باوجود بعض امیدوار شکوے شکایات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ ان کے دوست ضرور ہیں مگر اس مرتبہ وہ انتخابات میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
ذوالفقار علی بھٹو نے امت مسلمہ کو ایٹمی طاقت دی
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک امریکی وزیر خارجہ نے ذوالفقار علی بھٹو کو ایٹمی پروگرام ترک کرنے کا مشورہ دیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ بصورت دیگر ان کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے اور انہوں نے اپنی جان کی قربانی دے دی مگر امت مسلمہ کو ایٹمی طاقت کا تحفہ دے گئے۔
بلاول بھٹو نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک قیدی خود کو ’ایبسلیوٹلی ناٹ‘ کے بیانیے کا خالق قرار دیتا ہے، حالانکہ صدر آصف علی زرداری اس سے پہلے ہی پاکستان میں غیر ملکی اڈوں کے خاتمے کا فیصلہ کر چکے تھے۔
گلگت بلتستان کو شناخت دینے کا کریڈٹ زرداری کو جاتا ہے
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو ایک نئی شناخت دی، اس خطے کو باقاعدہ نام اور آئینی حیثیت دی اور یہاں کے عوام کو سیاسی شناخت دلانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور 7 جون کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے۔














