آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں اور ڈیوٹی میں تبدیلی سے گاڑیاں کتنی مہنگی یا سستی ہوں گی؟

جمعرات 4 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی بجٹ 27-2026 کی آمد سے قبل آٹو سیکٹر سے متعلق اہم تجاویز سامنے آنے لگی ہیں، جن کے تحت ایک طرف مکمل تیار شدہ درآمدی گاڑیوں پر عائد ڈیوٹیوں میں نمایاں کمی کی تجویز دی گئی ہے جبکہ دوسری جانب آئی ایم ایف کی سفارش پر الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس میں بڑے اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ان اقدامات سے پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آ سکتی ہے اور بعض گاڑیاں سستی جبکہ بعض نمایاں طور پر مہنگی ہو سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: کوشش ہے عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہ لگائیں، 10 جون کو بامقصد بجٹ پیش کیا جائےگا، وزیر خزانہ

ذرائع کے مطابق مکمل تیار شدہ درآمدی گاڑیوں پر کسٹم ڈیوٹی 100 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد اور ریگولیٹری ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

اس طرح مجموعی درآمدی ٹیرف 150 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد تک آ سکتا ہے، جس سے درآمدی گاڑیوں کی لاگت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

اس کے علاوہ ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کو بھی مرحلہ وار کم یا ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں بعض سلیبز میں اس کی شرح 6 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک رہ جائے گی۔

آٹو انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درآمدی ڈیوٹیوں میں یہ کمی نافذ ہو جاتی ہے تو جاپان سمیت دیگر ممالک سے آنے والی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہو سکتی ہے، جس کے باعث مقامی اسمبلرز پر مسابقتی دباؤ بڑھے گا۔

ان کے مطابق مقامی کمپنیاں قیمتوں میں کمی، بہتر معیار اور جدید سیفٹی فیچرز فراہم کرنے پر مجبور ہو سکتی ہیں۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کی تجاویز کے تحت الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس میں نمایاں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں پر موجودہ ایک فیصد جی ایس ٹی کو بڑھا کر 18 فیصد جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر 8 فیصد سیلز ٹیکس کو بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو الیکٹرک کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، بسوں، ٹرکوں، پک اپ گاڑیوں، ڈبل کیبن اور ٹریکٹروں سمیت تمام نیو انرجی وہیکلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق چند لاکھ سے لے کر کئی لاکھ روپے تک اضافی بوجھ براہ راست صارفین کو برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔

صنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے نئی آٹو پالیسی 31-2026 میں ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے اہداف مقرر کر رکھے ہیں، تاہم سیلز ٹیکس میں اتنا بڑا اضافہ ان اہداف کے حصول میں رکاوٹ بن سکتا ہے اور ماحول دوست گاڑیوں کی جانب منتقلی کی رفتار سست پڑ سکتی ہے۔

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ درآمدی ڈیوٹیوں میں مجوزہ کمی کو فوری طور پر حتمی فیصلہ تصور نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ تجاویز ابھی زیر غور ہیں۔ ان پر عملدرآمد اس وقت ہوگا جب فنانس بل پارلیمنٹ سے منظور ہونے کے بعد ایف بی آر کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ گاڑیوں کی قیمتوں کا انحصار صرف ڈیوٹیوں پر نہیں بلکہ ڈالر کی شرح، شپنگ اخراجات، مقامی ٹیکسوں اور دیگر مالیاتی عوامل پر بھی ہوتا ہے، اس لیے ڈیوٹی میں کمی کے باوجود گاڑیوں کی قیمتوں میں فوری اور مکمل کمی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

مزید پڑھیں: آئندہ بجٹ میں آٹو سیکٹر کو ٹیکس ریلیف دینے کی تیاری، گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان

ذرائع کے مطابق حکومت نے تاحال درآمد شدہ گاڑیوں کی عمر کی حد میں کسی تبدیلی کی تجویز نہیں دی۔ موجودہ پالیسی کے تحت عام گاڑیوں کی درآمد کے لیے 3 سال جبکہ بعض ہائبرڈ اور ایس یو وی گاڑیوں کے لیے 5 سال کی عمر کی حد برقرار رہنے کا امکان ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے حکام نے الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں سمیت سولر پینلز پر جی ایس ٹی میں اضافے کی تجاویز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف آپشنز زیر غور ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ حتمی صورتحال بجٹ پیش ہونے اور فنانس بل کی منظوری کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

آئی پی ایل قوانین کے باوجود مچل سینٹنر کو صرف آدھا معاوضہ کیوں ملا؟

پاکستان کیخلاف بی ایل اے، القاعدہ اور طالبان کا گٹھ جوڑ،خواتین کو دہشتگردی کی تربیت دیے جانے کا انکشاف

جاپان میں آبادی کا بڑا بحران، شرحِ پیدائش تاریخی گراوٹ کا شکار

بیروت پر حملہ ہوا تو مشرقِ وسطیٰ کی جنگ دوبارہ بھڑک اٹھے گی، ایران کی اسرائیل کو سخت وارننگ

سعودی عرب کے تمام علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے بلند رہنے کا امکان

ویڈیو

صدر ٹرمپ کو دھچکا،امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد منظور کر لی

گلگت بلتستان: ووٹرز کی آسانی اور انتخابی آگاہی کے لیے اقدامات کا مطالبہ

سیاست ہمارے خون میں شامل ہے، مشاہداللہ (مرحوم) کی صاحبزادی لامعہ مشاہد نے سیاست میں آنے کا اشارہ دیدیا

کالم / تجزیہ

ٹرمپ نیتن یاہو تلخی اور مشرق وسطیٰ کا بدلتا نقشہ

کیا لاہور کو آؤٹ سائیڈرز نے تباہ کیا ہے؟

28 ویں ترمیم تو آنی ہی آنی ہے