بالی ووڈ کے معروف اداکار مرحوم عرفان خان کی اہلیہ اور مصنفہ ستاپا سکندر نے پاکستانی اداکارہ حاجرہ یامین کی اداکاری کو سراہتے ہوئے انہیں ایک کم معروف مگر غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل فنکارہ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حاجرہ یامین تفریح کے لیے کونسے ملک چلی گئیں؟ تصویریں وائرل
ستاپا سکندر نے انسٹاگرام پر صحافی صادق سلیم کی ایک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے جس میں حاجرہ یامین کی ڈرامہ ’ڈاکٹر بہو‘ میں اداکاری کا ذکر کیا گیا تھا کہا کہ وہ حاجرہ یامین کی صلاحیتوں سے بے حد متاثر ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے انہیں ایسے ڈراموں میں بھی دیکھا ہے جہاں ان کے ساتھ کام کرنے والے اداکار زیادہ مضبوط نہیں تھے لیکن حاجرہ اپنی اداکاری اور کردار کی تیاری میں اس قدر پختہ ہوتی ہیں کہ انہیں اچھے ساتھی اداکار کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
ستاپا سکندر کے مطابق جب حاجرہ یامین کو مضبوط اور باصلاحیت ساتھی اداکار میسر آتے ہیں تو مناظر کی تاثیر اور کرداروں کے درمیان کیمیا نمایاں طور پر بہتر ہو جاتی ہے۔ انہوں نے ’ڈاکٹر بہو‘ کو ایک عمدہ تحریر اور بہترین ہدایت کاری کا حامل ڈرامہ بھی قرار دیا۔
حاجرہ یامین کا کھلے دل سے اظہار تشکر
صادق سلیم نے ستاپا سکندر کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حاجرہ یامین یہ تعریف پڑھ کر یقیناً خوش ہوں گی اور ایسا ہی ہوا۔
مزید پڑھیے: انتقال کے 6 برس بعد عرفان خان کی فلم ریلیز، شائقین حیران رہ گئے
حاجرہ یامین نے ستاپا سکندر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے یہ تعریف بے حد خاص ہے کیونکہ وہ طویل عرصے سے مرحوم عرفان خان کی اداکاری کی مداح اور طالب علم رہی ہیں۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ کی حوصلہ افزائی میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ میں عرفان خان کے فن کی مداح اور ان کے کام سے سیکھنے والی رہی ہوں اس لیے آپ کے الفاظ میرے لیے بے حد قیمتی ہیں۔
دونوں ممالک کے فنکاروں کا ایک دوسرے کو سراہنا
ستاپا سکندر کا یہ تبصرہ دونوں ممالک کی شوبز صنعتوں کے درمیان ماضی میں موجود فنی احترام اور ثقافتی روابط کی یاد تازہ کرتا ہے جب پاکستانی اور بھارتی فنکار ایک دوسرے کے کام کو کھلے دل سے سراہا کرتے تھے۔
مزید پڑھیں: بالی وڈ اداکار عرفان خان کے بعد زندگی کیسی ہے؟
مرحوم عرفان خان خود بھی ان فنکاروں میں شامل تھے جنہوں نے دونوں ممالک کے فنکاروں کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے پاکستانی اداکار عدنان صدیقی کے ساتھ فلم ‘اے مائٹی ہارٹ‘ جبکہ صبا قمر کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ان کے انتقال پر پاکستان اور بھارت دونوں میں شوبز شخصیات اور مداحوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا تھا۔
ستاپا کی بات سے ایک اور بات عیاں ہوئی
حاجرہ یامین کے لیے ستاپا سکندر کی تعریف اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستانی ڈرامے آج بھی بھارت میں دلچسپی سے دیکھے جاتے ہیں باوجود اس کے کہ گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستانی مواد تک رسائی محدود کرنے کی مختلف کوششیں کی گئی تھیں۔














